باسکٹ بال میچ کے دوران کھلاڑی کی آنکھ باہر نکل آئی

باسکٹ بال میچ کے دوران کھلاڑی کی آنکھ باہر نکل آئی

 آکلینڈ: نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں جاری باسکٹ بال کے ایک میچ کے دوران امریکی کھلاڑی اکل مچل کی آنکھ ایک دوسرے کھلاڑی کی انگلی لگنے کے باعث ان کے چشم خانے سے باہر نکل آئی۔ آنکھ نکل آنے کے بعد اکل مچل تکلیف کے مارے اپنی آنکھوں پر ہاتھ رکھے زمین پر گر گئے اور انھیں فورا ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ انھوں نے نیوزی لینڈ ریڈیو سپورٹ سے بات کرتے ہوئے کہا مجھے اپنی ہتھیلی پر محسوس ہوا کہ میری آنکھ میرے چہرے پر آ گئی ہے۔

 

میں سوچ رہا تھا کہ یہ تو بہت بُرا ہوا ہے اور مجھے احساس تھا کہ آنکھ اپنی جگہ پر نہیں ہے اور اس سے میں کچھ دیر کے لیے بہت پریشان بھی ہوا۔ 24 سالہ اکل مچل نے کہا کہ انھیں شائقین کی آوازیں اور ساتھی کھلاڑیوں کی پریشانی یاد ہے اور ساتھ ساتھ ان کو ایسا لگا کے جیسے وہ اپنی بینائی کھو دیں گے اور ان کا کیرئیر ختم ہو جائے گا۔

اکل مچل نے کہا جب میں ایمبولینس میں گیا تو مجھے انھوں نے درد اور آنکھ کی دوا دی اور اس وقت مجھے لگا کہ میری آنکھ اپنی جگہ پر واپس چلی گئی ہے جو کہ بہت ہی عجیب سے کیفیت تھی۔ یہ بہت ہی زیادہ حیران کن بات ہے کہ میں آنکھ جھپکنے پر اس قدر خوش تھا۔ اکل مچل نے ہسپتال سے فارغ ہونے کے بعد اپنی ٹویٹ میں کہا کہ اب ان کی بینائی ٹھیک ہے اور وہ بہت جلد کھیل کے میدانِ میں واپس آ جایئں گے۔