لندن: برطانوی پارلیمنٹ میں حالیہ بحث برطانوی اور بھارتی حکومتوں کے لئے کھلا چیلنج ہے۔آل پارٹیز کشمیر گروپ کے چیرمین وممبر پارلیمنٹ ڈیوڈ نٹال اور جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت یورپ کے چیرمین راجہ نجابت حسین کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔عالمی برادری اپنے وعدوں پر عمل درآمد کرے اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی انکوائری کے لئے کمیشن بھی قائم کرے۔
تحریک آزادی کے لئے آزاد کشمیر کی موجودہ حکومت اپنا حقیقی کردار ادا کرنے کے لئے اوورسیز کشمیریوں کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھائے گی۔برٹش ارکان پارلیمنٹ کی مسئلہ کشمیر کے لئے جدوجہد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔برطانوی حکومت بھی اپنا تاریخی اور آئینی کردار ادا کرتے ہوئے تقسیم ہند کے ایجنڈے کو مکمل کرے۔پاکستان کی حکومت ریاستی عوام کے حقوق اور ان کے خلاف ہونے والی تمام کاروائیوں کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں معاونت جاری رکھے گی۔ان خیالات کا اظہار مقررین نے برطانوی پارلیمنٹ کے کمیٹی روم میں جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت یورپ کے زیر اہتمام منعقدہ قومی کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔