ممبئی :کنگ خان اور ہریتک روشن کی فلم کافی کمائی کر رہی ہیں اس کے باوجود ہریتک روشن کے والد خوش دکھائی نہیں دے رہے۔گزشتہ روز ہدایتکار راکیش روشن سنیما مالکان کے رویے سے دلبرداشتہ ہوگئے، کہا اگر یہ رویہ جاری رہا تو فلمیں بنانا چھوڑ دونگا۔
بھارتی ہدایتکار راکیش روشن کی فلم قابل اور کنگ خان کی فلم رئیس کے ایک ساتھ ریلیز ہونے کا موقع آیا تو بھارتی نمائش کنندگان نے دونوں فلموں کو بھارتی سنیما گھروں میں پچاس پچاس فیصد جگہ دینے کا وعدہ کیا ۔
لیکن رئیس ملک کے ساٹھ فیصد اور قابل چالیس فیصد سنیما گھروں میں لگی جس پر دلبرداشتہ ہوکر راکیش روشن کا کہنا تھا کہ نمائش کنندگان طاقتور لوگ ہیں لیکن یہ لوگ اپنی طاقت کا غلط استعمال کر رہے ہیں، نمائش کنندگان اور ڈسٹری بیوٹرز کو مل کر اس ناانصافی کا مقابلہ کرنا چاہیے۔