اسلام آباد:وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو اپنا سربراہ تبدیل کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی کو قومی مجرم قرار دیتے ہوئے پارٹی کو ایک ایماندار قیادت کی ضرورت ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ اپوزیشن پاکستان کی ترقی سے پریشان ہے، اور اب وقت آ چکا ہے کہ ملک میں مثبت سیاست کو فروغ دیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کے رہنماؤں کو امید ہے کہ امریکہ پارٹی کے بانی کو رہائی دلائے گا، لیکن یہ محض ایک لطیفہ ہے کیونکہ وہ سیاسی قیدی نہیں ہیں۔
وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنما کرپشن کے خاتمے کی سیاست کرتے تھے، مگر اب ان پر سب سے بڑی چوری ثابت ہو چکی ہے، اور 64 ارب روپے کا فراڈ کرکے خود کو صادق و امین کہنا ناانصافی ہے۔
احسن اقبال نے اس بات پر زور دیا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے پاکستان کو دیوالیہ پن سے بچایا ہے اور آج سرمایہ کار ملک کی جانب متوجہ ہو رہے ہیں۔