کراچی: عالمی بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں کمی کے بعد پاکستان میں بھی سونا سستا ہوگیا ہے۔ گزشتہ چند ہفتوں میں سونے کی قیمتیں بلند ترین سطح پر پہنچ چکی تھیں، مگر اب ان میں ہزاروں روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں 29 ڈالر کی کمی آئی ہے، جس کے بعد عالمی قیمت 2 ہزار 887 ڈالر پر آ گئی ہے۔ عالمی قیمتوں میں کمی کے اثرات مقامی مارکیٹوں میں بھی دیکھنے کو ملے ہیں۔
مقامی صرافہ مارکیٹ میں جمعرات کے روز 24 قیراط والے فی تولہ سونے کی قیمت 3,300 روپے کی کمی کے بعد 3 لاکھ 3 ہزار روپے کی سطح پر آگئی، جبکہ فی 10 گرام سونے کی قیمت 2,829 روپے کی کمی سے 2 لاکھ 59 ہزار 773 روپے ہو گئی۔
چاندی کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ فی تولہ چاندی کی قیمت 3 ہزار 314 روپے پر مستحکم رہی، جب کہ فی 10 گرام چاندی کی قیمت 2 ہزار 841 روپے رہی۔