نئی دہلی: بھارتی فرم بلوم وینچرز کی تازہ رپورٹ میں یہ انکشاف کیا گیا ہے کہ بھارت میں 1 ارب افراد کے پاس اپنی بنیادی ضروریات پوری کرنے کے علاوہ کسی دوسری اشیاء خریدنے کے لیے اضافی پیسے نہیں ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، بھارت کی 1.4 ارب کی آبادی میں ایک ارب افراد کی زندگیوں میں معاشی ترقی کا فائدہ نہیں پہنچا، اور وہ اپنی روزمرہ کی ضروریات کے علاوہ دیگر اشیاء خریدنے کی استطاعت سے محروم ہیں۔ اس غیر مساوی معاشی ترقی کی وجہ سے متوسط اور نچلے طبقے کے لوگوں کو کاروباری کمپنیوں کی طرف سے فراہم کی جانے والی مصنوعات اور خدمات کے حوالے سے مشکلات کا سامنا رہا ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ بھارت میں امیر طبقے کی دولت میں تو اضافہ ہوا ہے، مگر غریب طبقہ معاشی طور پر پسماندہ رہ گیا ہے، جس کا اثر پورے ملک کی معیشت پر پڑ رہا ہے۔