رواں مالی سال کے 7 ماہ میں ترسیلات زر اور برآمدات میں اضافہ

رواں مالی سال کے 7 ماہ میں ترسیلات زر اور برآمدات میں اضافہ

اسلام آباد:  رواں مالی سال کے ابتدائی سات ماہ (جولائی تا جنوری) کے دوران پاکستان کی معیشت میں اہم بہتری دیکھنے کو ملی ہے، جس میں ترسیلات زر، برآمدات اور درآمدات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کی جانے والی ماہانہ معاشی آؤٹ لک رپورٹ کے مطابق کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ سرپلس میں تبدیل ہوگیا ہے، اور بیرونی سرمایہ کاری میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ اس کے علاوہ سٹیٹ بینک کے ذخائر میں بھی اضافہ ہوا، جبکہ روپے کی قدر مستحکم رہی۔
رپورٹ کے مطابق جولائی تا جنوری میں     ترسیلات زر میں 25.2 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔    برآمدات میں 9.7 فیصد کا اضافہ ہوا۔    درآمدات میں 16.8 فیصد کا اضافہ ہوا۔    کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 68 کروڑ ڈالر سے زائد سرپلس رہا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ سٹیٹ بینک کے ذخائر 8 ارب ڈالر سے بڑھ کر 11 ارب 20 کروڑ ڈالر سے زائد ہو گئے ہیں۔ ایف بی آر کی محصولات میں جولائی تا دسمبر 26.2 فیصد کا اضافہ ہوا، اور نان ٹیکس آمدنی میں 82 فیصد کا اضافہ دیکھنے کو ملا۔ مالی خسارے میں جولائی تا دسمبر کے دوران 36.1 فیصد کی کمی آئی۔
مزید برآں، رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ مہنگائی کی شرح جولائی میں 28.7 فیصد سے کم ہو کر 6.5 فیصد تک آ گئی ہے۔ جنوری 2025 میں بیرون ملک روزگار کے لیے 63 ہزار سے زائد پاکستانیوں نے سفر کیا۔
یہ رپورٹ پاکستان کی معیشت میں استحکام اور ترقی کے اشارے فراہم کرتی ہے، جس سے ملکی اقتصادی صورتحال میں بہتری کی امیدیں بڑھ رہی ہیں۔

مصنف کے بارے میں