راولپنڈی : آج (جمعرات) کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں ایک بے مقصد میچ ہوگا جس میں گروپ اے کی ٹیمیں پاکستان اور بنگلہ دیش راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں مد مقابل ہوں گی۔
پاکستان کی کرکٹ ٹیم کی قیادت وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کریں گے، جبکہ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کی قیادت نجم الحسین شانتو کے ہاتھوں میں ہوگی۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں 8 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے مقابلہ کر رہی ہیں، جن میں میزبان دفاعی چیمپئن پاکستان، بنگلہ دیش، افغانستان، بھارت، نیوزی لینڈ، انگلینڈ، آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ شامل ہیں۔
پاکستان کی ٹیم آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں ٹائٹل کا دفاع کرنے کی کوشش کر رہی تھی، تاہم وہ ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہو چکی ہے۔ بنگلہ دیش کی ٹیم بھی سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو چکی ہے، اور دونوں ٹیمیں اپنا آخری گروپ میچ کھیلیں گی۔