اسلام آباد : لیبیا میں کشتی کے حادثے میں جاں بحق ہونے والے 6 پاکستانیوں کی میتیں وطن پہنچا دی گئی ہیں۔ وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس ریاض حسین پیرزادہ نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر ان میتوں کو وصول کیا۔
جاں بحق ہونے والوں میں مصور حسین، شعیب علی، عابد حسین، شعیب حسین، اور مصائب حسین شامل ہیں، جن کا تعلق کرم سے تھا۔ ریاض حسین پیرزادہ نے اس موقع پر کہا کہ 5 فروری کو پیش آنے والا سانحہ ملک کے کئی خاندانوں کے لیے ایک بہت بڑا صدمہ تھا اور ان کے دلوں میں غم کا سونامی لے آیا۔
یاد رہے کہ 5 فروری کو سمندر کے راستے لیبیا سے اٹلی جانے والی کشتی کو حادثہ پیش آیا تھا، جس میں 26 پاکستانی جاں بحق ہوگئے تھے۔ ان میں سے 16 کی شناخت ہو چکی ہے جبکہ 10 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔