اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان میں جو روزہ داروں کو تنگ کرے، اسے قانون کی طاقت سے سبق سکھائیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں انہوں نے وفاق اور صوبوں میں ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فری ہینڈ دیتے ہوئے کہا کہ منافع خوری، ذخیرہ اندوزی اور زائد نرخ لینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور عوام سے رمضان المبارک کے دوران جو زائد قیمت لے، اس سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں۔
ان کا کہنا تھا کہ رمضان میں جو روزہ داروں کو تنگ کرے، اسے قانون کی طاقت سے سبق سکھائیں، اشیاءکی طلب، رسد، قیمتوں میں گڑ بڑ پر متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی ہو گی۔ وزیراعظم اجلاس میں حکام پر برس پڑے اور استفسار کیا کہ خوراک کی کمی نہیں تو مرغی کی قیمت میں اضافہ کیوں؟ جو عوام کو تنگ کرے قانون اسے گرفت میں لے، کوئی نرمی نہ برتی جائے، عوام پر مہنگائی کا بوجھ بڑھانے والے منافع خوروں کو پکڑیں۔
وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ ملک میں گندم سمیت اشیائے خوروں نوش کی کہیں بھی قلت نہیں جبکہ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ملک بھر میں یوٹیلٹی سٹورز پر معیاری اشیاءکی فراہمی یقینی ہونی چاہئے، رمضان میں موبائل یوٹیلٹی سٹورز قائم کریں اور وفاق اور صوبوں میں سستے رمضان بازار لگائے جائیں جبکہ رمضان بازار میں قیمتیں کنٹرول کرنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جائے۔