عمران خان بھی نواز شریف کی طرح 200 پیشیاں بھگتے گا، پھر الیکشن ہو گا: مریم نواز 

05:58 PM, 27 Feb, 2023

نیوویب ڈیسک

ساہیوال: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ جو آگے آ کر لیڈ کرے اسے لیڈر، جو پیچھے چھپ جائے اسے گیدڑ کہتے ہیں، پاکستان مسلم لیگ (ن) الیکشن سے نہیں ڈرتی لیکن اب پہلے ووٹ کو عزت ملے گی، ووٹ کو انصاف ملے گا اور پھر الیکشن ہو گا۔ 
تفصیلات کے مطابق ساہیوال میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا کہ جب نواز شریف کے مقدمے چلتے تھے تو خرگوش کی رفتار سے چلتے تھے لیکن اس فتنے کے مقدمے کچھوے کی رفتار سے بھی کم رفتار سے چل رہے ہیں اور آج بھی اس شخص کو فیض حمید کی باقیات بچا رہی ہیں ، جو جرائم میں سر سے پاﺅں تک ڈوبا ہوا ہے، ہے کوئی اسے بلانے والا؟ عدالت بلاتی ہے تو ٹانگ پر لگا ہوا پلاسٹر دکھا دیتا ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ یہ الیکشن کا سال ہے، الیکشن ضرور ہو گا اور شیر بھاری اکثریت سے جیتے گا، الیکشن ہو گا لیکن پہلے انصاف ہو گا، دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو گا، ترازو کے دونوں پلڑے برابر کئے جائیں گے، نواز شریف سے ناانصافیوں کا ازالہ ہو گا، ان کی غلط سزائیں ختم ہوں گی اور عمران خان کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کریں گے پھر الیکشن ہو گا، پانامہ بنچ کو پہلے سسلین مافیا اور گاڈ فادر کے القابات واپس لینا ہوں گے۔ 
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے ایک سال جیل کاٹی، میں نے آٹھ ماہ جیل کاٹی، رانا ثناءاللہ نے ہیروئن کے جھوٹے مقدمے میں جیل کاٹی، ہمارے کارکن آج بھی جھوٹے مقدمے میں جیل ہیں لیکن روتے نہیں ، جس طرح (ن) لیگ، نواز شریف اور کارکنوں نے انتقام کا مقابلہ کیا، روئے نہیں لیکن یہ دو روز کی جیل کاٹ کر آتے ہیں اور ٹی وی پر بیٹھ کر روتے ہیں، ٹانگ پر پلاسٹر لگا کر چوہے کی طرح چھپ جانے والا ہمارا لیڈر نہیں ہو سکتا، اس کو چاہئے کہ انتخابی نشان بلے کی جگہ چوہا رکھ لے، تم بے فیض ہو چکے اور انشاءاللہ بے فیض ہی رہو گے۔ 
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی بیٹی سامنے کھڑی ہے، عمران خان کی بیٹی کدھر ہے؟ پہلی بار کسی وزیراعظم نے اتنا جھوٹ بولا اور اپنی اولاد تک چھپائی، نواز شریف نے بہت سی پیشیاں بھگتیں، عمران خان بھی بھگتے گا، پہلے عمران خان کی بھی 200 پیشیاں ہوں گی پھر الیکشن ہو گا، آج انصاف کر دو پھر کل اس ملک میں الیکشن کرا دو ہمیں کوئی خطرہ نہیں، لیکن ہمیں پہلے انصاف چاہئے، عدلیہ کا جو معیار نواز شریف کے لئے تھا وہی عمران خان کیلئے چاہئے۔ 
مریم نواز شریف نے کہا کہ انوکھے لاڈلے کو انہوں نے پورا ملک کھیلنے کیلئے پکڑا دیا، آج پوچھو کہاں ہے فیض حمید اور ڈیم والا بالا؟ خاک چھان رہے ہیں، جب زمین والے ناانصافی کرنے لگ جائیں تو آسمان کا نظام حرکت میں آتا ہے، پاکستان مسلم لیگ (ن) انتخابات سے نہیں ڈرتی لیکن اب پہلے عدل ہو گا، پھر الیکشن ہو گا، پہلے ووٹ کو عزت ملے گی، ووٹ کو انصاف ملے گا پھر الیکشن ہو گا۔ 

مزیدخبریں