میڈرڈ : اتوار کے روز ٹی ٹوئنٹی کی ایک نئی تاریخ رقم ہوئی ۔ ایسوسی ایٹ ٹیم آئیل آف مین کی پوری ٹیم سپین کے خلاف صرف 10 رن بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
برطانوی میڈیا کے مطابق آئیل آف مین برطانیہ اور آئر لینڈ کے درمیان واقع ایک چھوٹا سا جزیرہ ہے جس کی کرکٹ ٹیم 2017 میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ساتھ بطور ایسوسی ایٹ رکن رجسٹر ہوئی۔
تاریخی میچ میں آئیل آف مین کی جانب سے جوزف بروز ٹاپ سکورر رہے جنہوں نے پویلین لوٹنے قبل چار رن بنائے جو مجموعی سکور کا 40 فیصد تھا۔ ان کی ٹیم کے سات کھلاڑی صفر پر آوٹ ہوئے۔
دوسری جانب سپین کی جانب سے لیفٹ آرم فاسٹ بالر عاطف محمود اور محمد کامران نے چار چار وکٹیں حاصل کیں۔
ان میں کامران کی ایک ہیٹ ٹرک بھی شامل تھی۔ انھوں نے اپنے تیسرے اوور میں لوک وارڈ، کارل ہارٹمین اور ایڈورڈ بیئرڈ کو یکے بعد دیگرے آوٹ کیا تھا۔
میچ کی دلچسپ بات یہ تھی کہ آئیل آف مین کی ٹیم کو 10 رن پر آوٹ کرنے کے بعد جب سپین کے اوپنر میدان میں آئے تو ان کے پاس پورے 20 اوور تھے۔ لیکن انھوں نے صرف دو گیندیں ہی کھیل کر آئیل آف مین کو ہرا دیا۔
اوپنر اویس احمد نے یکے بعد دیگرے پہلے اوور کی دو گیندوں پر چھکے لگا کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی کا سب سے کم سکور آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ میں بنا تھا جب سڈنی تھنڈر کی ٹیم گذشتہ سال ایڈلیڈ سٹرائِیکر کے خلاف صرف 15 رن کا مجموعہ بنا سکی تھی۔
دوسری جانب کسی بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی میچ میں سب سے کم سکور کا اعزاز ترکی کے نام تھا جس کی کرکٹ ٹیم 2019 میں چیک ریپبلک کے خلاف 21 رن بنا کر آوٹ ہو گئی تھی۔