از خود نوٹس کیس، سپریم کورٹ کا 9 رکنی بینچ ٹوٹ گیا

از خود نوٹس کیس، سپریم کورٹ کا 9 رکنی بینچ ٹوٹ گیا
سورس: File

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے ازخود نوٹس کیس کی گزشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا ہے۔  بینچ کی دوبارہ تشکیل کیلئے معاملہ چیف جسٹس کو بجھوا دیا ۔ 9 رکنی بینچ ٹوٹ گیا۔ 

سپریم کورٹ میں پنجاب اور کے پی الیکشن پر ازخود نوٹس کیس میں نو رکنی بنچ میں شامل چار ججوں نے مشاورت کے بعد کیس کی سماعت کا حصہ بننے سے انکار کر دیا ہے۔ان ججوں میں جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس مظاہر علی نقوی، جسٹس یحیی آفریدی اور جسٹس اطہر من اللہ شامل ہیں۔

پیر کو جب تاخیر کے بعد از خود نوٹس کی سماعت شروع ہوئی تو چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطا بندیال نے بتایا کہ چار ججوں نے بنچ سے الگ ہونے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ باقی بنچ کیس کی سماعت کرتا رہے گا۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں الیکشن کے التوا پر ازخود نوٹس لیا تھا تاہم مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی، جے یو آئی ایف نے کیس کی سماعت کرنے والے نو رکنی بنچ میں شامل دو ججوں، جسٹس مظاہر نقوی اور جسٹس اعجاز الاحسن پر اعتراض کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ ان ججوں کو بنچ سے الگ ہو جانا چاہیے۔

سوموار کو سماعت سے قبل سپریم کورٹ کی جانب سے ایک مختصر فیصلہ سامنے آیا جس میں جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس یحیی آفریدی، جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس جمال خان مندوخیل کے اضافہ نوٹ شامل ہیں۔

اس عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ 23 فروری کے فیصلے، چاروں ججوں کے اضافی نوٹ اور مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ اس کیس کی سماعت کرنے والے بنچ کی تشکیل نو کے لیے چیف جسٹس سے رجوع کیا جائے۔