لاہور ، کراچی ، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ : تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے مہنگائی کے خلاف آج شٹرڈاؤن ہڑتال کی جارہی ہے۔ کراچی ، پشاور ، کوئٹہ ، لاہور اسلام آباد اور دیگر شہروں میں ملا جلا رجحان ہے۔ زیادہ تر کاروباری علاقے کھلے ہوئے ہیں۔
کراچی میں بلدیہ ٹاؤن، اتحاد ٹاؤن اور اطراف کے علاقوں میں دکانیں اور کاروبار بند ہے جکبہ لاہور میں اعظم مارکیٹ ،شاہ عالم مارکیٹ،ملتان روڈ ،سمیت دیگر مارکیٹوں کو زبردستی دکانیں بن کروایا جا رہا ہے۔ فیصل آباد کے کچھ علاقوں میں دکانیں کھلی اور کچھ میں بند ہیں۔
ٹی ایل پی کی جانب سے بلدیہ قائم خانی کالونی سے اورنگی ٹاؤن جانے والی سڑک پر احتجاج کیا جا رہا ہے، احتجاجی مظاہرین نے ٹائر جلا کر اور رکاوٹیں کھڑی کر کے روڈ بند کر دیا ہے۔ کھارادر، برنس روڈ، اولڈ سٹی ایریا میں کہیں کہیں ہوٹل بند ہیں جبکہ سڑکوں پر پبلک و پرائیویٹ ٹرانسپورٹ بھی کم نظر آ رہی ہے۔
ادھر نواب شاہ میں چکرا بازار، مارکیٹ روڈ، سکرنڈ روڈ، قاضی احمد شہر میں بھی دکانیں بند اور ٹریفک معمول سے کم ہے۔ سجاول میں پبلک پارک، مین بس اسٹاپ سمیت تجارتی مراکز، ہوٹل اور پیٹرول پمپس بند ہیں۔ دادو میں شاہی بازار، اسٹیشن روڈ، موبائل مارکیٹ اور دیگر مقامات پر کاروبار بند ہے۔
انجمن تاجران خوشاب کے رہنماؤں نے ہڑتال سے لاتعلقی کا اعلان کر دیا اور شہر میں تمام کاروبای مراکز معمول کے مطابق کھلے ہیں۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں مرکزی انجمن تاجران کی جانب سے ہڑتال نہیں کی گئی ہے۔