لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 7 کے فائنل میچ میں لاہور قلندرز نے محمد حفیظ کی ذمہ دارانہ اور ہیری بروک کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت ملتان سلطانز کو جیت کیلئے 181 رنز کا ہدف دیا ہے۔ محمد حفیظ نے مشکل وقت میں 69 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔
قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جا رہے میچ میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز بنائے۔ لاہور قلندرز کو پہلا نقصان صرف 12 کے مجموعی سکور پر اٹھانا پڑا اور فخر زمان صرف تین رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے جبکہ دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ذیشان اشرف تھے جنہوں نے 7 رنز بنائے۔
محمد حفیظ نے عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے 46 گیندوں پر 1 چھکے اور 9 چوکوں کی مدد سے 69 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ہیری بروک نے دھواں دار بلے بازی کرتے ہوئے 22 گیندوں پر 3 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 41 رنز بنائے۔ ڈیوڈ ویزا 8 گیندوں پر 3 چھکوں اور 1 چوکے کی مدد سے 28 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے آصف آفریدی سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 19 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ ڈیوڈ ویلی اور شاہنواز دھانی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ لاہور قلندرز کی قیادت شاہین شاہ آفریدی کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فخر زمان، عبداللہ شفیق، کامران غلام، محمد حفیظ، ہیری بروک، ذیشان اشرف، سمت پٹیل، ڈیوڈ ویزے، حارث رؤف اور زمان خان شامل ہیں۔
ملتان سلطانز کی قیادت محمد رضوان کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں شان مسعود، ریلی روسو، خوشدل شاہ، ڈیوڈ ویلی، رومان رئیس، عمران طاہر، شاہنواز دھانی، ٹم ڈیوڈ اور عامر عظمت شامل ہیں۔
یاد رہے کہ ملتان سلطانز کی ٹیم نے ٹورنامنٹ میں سب سے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور کوالیفائر میں لاہور قلندرز کو شکست دے کر فائنل میں پہنچی جبکہ لاہور قلندرز نے دوسرے ایلی مینیٹر میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی ۔