پنڈ دادنخان:وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ 15دن سے سن رہے ہیں عدم اعتماد آ رہی ہے، اپوزیشن نے صرف سیاسی دکان چمکائی ہوئی ہے، صورتحال سے لگتا ہے مارچ کیلئے بندے بھی ہم کو دینا پڑیں گے۔
پنڈدادنخان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ جہانگیر ترین حکومت کے ساتھ ہیں،پاکستان آزاد خارجہ پالیسی پر عمل پیرا ہے، پاکستان نے ہمیشہ امن کیلئے کردار ادا کیا، وزیراعظم عمران خان ہمیشہ جنگ کے خلاف رہے ہیں۔ اپوزیشن کو نہیں پتہ ان کا لیڈر کون ہے ۔ جہانگیر ترین حکومت کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ روس کامیاب رہا، پہلی بار آزاد خارجہ پالیسی دیکھنے کو ملی، پاکستا ن نے اپنے مفاد میں خارجہ پالیسی تشکیل دی ہے، پاکستان نے ہمیشہ امن کیلئے کردار ادا کیا، وزیراعظم عمران خان ہمیشہ جنگ کے خلاف رہے ہیں۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ دنیا اب سکڑ گئی ہے، روس اور یوکرین کے درمیان جنگ ہو رہی ہے، یوکرین،روس کشیدگی سے تیل اور اشیاء کی قیمتیں بڑھ گئیں،روس اور یوکرین 40 فیصد گندم پیدا کرتے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ یوکرائن اور روس کے درمیان صورتحال جلد معمول پر آئے ۔ یوکرائن میں پھنسے پاکستانیوں کو نکالنے کیلئے تسلی بخش انتظامات کئے گئے ہیں، کسی بھی پاکستانی کو تکلیف نہیں پہنچی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان دلیر ، مضبوط اور قد آور رہنما ہیں، ان کے روس کے دورہ سے ان لوگوں کو پریشانی ہوئی جن کی دولت باہر ہے۔