پی ایس ایل فائنل، صدر مملکت اور وزیراعظم کی سٹیڈیم آمد متوقع

پی ایس ایل فائنل، صدر مملکت اور وزیراعظم کی سٹیڈیم آمد متوقع

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں سیزن کا فائنل میچ آج لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے درمیان کھیلا جائے گا جسے دیکھنے کیلئے میں صدر مملکت عارف علوی اور وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی سٹیڈیم آمد متوقع ہے جس کے پیش نظر سیکیورٹی کے انتظامات مزید سخت کئے جا رہے ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم اور صدر مملکت کیساتھ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی بھی سٹیڈیم آمد متوقع ہے جس کے باعث قذافی سٹیڈیم کے اطراف میں تعینات اہلکاروں کی تعداد میں اضافہ کر دیا گیا ہے جبکہ ہیلی کاپٹر سے فضائی نگرانی کرنے کے انتظامات بھی کر لئے گئے ہیں، اعلیٰ حکام کی آمد کے پیش نظر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) حکام اور ضلعی انتظامیہ ہر پہلو سے تسلی بخش انتظامات کرنے میں مصروف ہے۔ 
پی سی بی نے فائنل میچ کو یادگار بنانے کیلئے مختلف پروگرام بھی ترتیب دئیے ہیں جبکہ ہمیشہ کی طرح اس بار بھی آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا جائے گا اور پی ایس ایل کی ٹرافی کو دلچسپ اور انوکھے انداز سے گراؤنڈ میں لانے کی حکمت عملی بھی بنائی گئی ہے جو مداحوں کیلئے کسی سرپرائز سے کم نہیں ہو گا۔ 
ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر محمد عامر خان نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ شہر بھر میں سرچ اینڈ سویپ آپریشنز کرنے کیساتھ ساتھ داخلی راستوں پر چیکنگ مزید سخت کی گئی جبکہ حساس علاقوں میں عارضی ناکے بھی لگائے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ شہریوں کو چیکنگ اور واک تھرو گیٹس سے گزرنے کے بعد سٹیڈیم داخلے کی اجازت دی جائے گی۔ 

مصنف کے بارے میں