زیلنسکی کامیڈی اداکار سے یوکرین کے صدر کیسے بن گئے؟

02:33 PM, 27 Feb, 2022

نیوویب ڈیسک

کیف: روس کے حملے کا شکار ملک یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی ایک کامیڈی اداکار سے یوکرینی صدر کی کرسی تک کیسے پہنچے؟ یوکرینی صدر زیلنسکی کی زندگی کی  چونکا دینے والی حقیقی کہانی سامنے آگئی۔

 یوکرین کے شہر کریویرخ میں پیدا ہونے والے ولادیمیر زیلنسکی نے کیو کی نیشنل اکنامک یونیورسٹی سے قانون کی ڈگری لی مگر اپنے شوق کی خاطر اداکاری کی دنیا میں قدم رکھ دیا جہاں انہوں نے روسی ٹیلی ویژن پر کامیڈی کردار نبھانے شروع کر دئیے ۔2010 تک ولادیمیر زیلنسکی کی مکمل توجہ اپنے ٹی وی کیریئر پر تھی۔انہوں نے ایک کامیڈی سیریز میں بطور صدر بھی اداکاری کی  تاہم آج وہ ملک کے حقیقی صدر ہیں اور اپنے ملک کی ساڑھے چار کروڑ عوام کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ 

2014 میں ولادیمیر زیلنسکی کو سیاسی میدان میں جگہ بنانے  کا اس وقت موقع ملا جب  یوکرین  کے روس نواز صدر وکٹر یانوکوچ کو  طویل عرصے تک جاری رہنے والے احتجاج کے بعد عہدے سے ہاتھ دھونا پڑا ۔اس دوران ولادیمیر زیلنسکی کا ڈرامہ ’سرونٹ آف دی پیپل‘ ایک  ٹی وی چینل پر نشر ہوا،  انہوں نے ویزلی گولوبورو کا کردار  نبھایا  جس میں ان کی طرف سے کی جانیوالی کرپشن کیخلاف جذباتی تقریر لوگوں کو بے حد پسند آئی اور یہی تقریر ان کو صدر کی کرسی تک پہنچانے کا سبب بنی۔ انہوں نے ملک سے کرپشن کے خاتمے کا مشن لے کر صدارتی انتخابات میں حصہ لیا اور حیران کن طور پر الیکشن جیت کر کامیڈی سیریز میں بطور صدر بننے کے بعد  2019 میں صدر پیٹرو پوروشینکو کو ایک بڑے مارجن سے ہرا کر ملک کے حقیقی صدر  منتخب ہو گئے۔

مزیدخبریں