اسلام آباد: وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے وزیراعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان پر پروپیگنڈہ اور بہتان تراشی کے الزامات لگادئیے۔
تفصیلات کے مطابق مراد سعید نے ریحام خان کو قانونی نوٹس بھجوا دیا ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ریحام خان 14روز کے اندر تحریری معافی نامہ دیں یا ان کیخلاف ایک ارب روپے ہرجانہ کا مقدمہ دائر کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر کی جانب سے ریحام خان کو بھیجے گئے قانونی نوٹس میں مؤ قف اپنایا گیا ہے کہ گزشتہ دنوں وزارتوں کی کارکردگی پر تعریفی سرٹیفیکیٹس دینے کی تقریب منعقد ہوئی جس میں مراد سعید کی وزارت بہترین کارکردگی کی بنا پر سر فہرست رہی تاہم آپ کی طرف سے اس کیخلاف مبینہ طور پر پراپیگنڈہ کیا گیا جس سے نہ صرف ہتک عزت کا سامنا کرناپڑا بلکہ وزارت سے منسلک افسران و ملازمین کی بھی حوصلہ شکنی ہوئی ۔
نوٹس میں ریحام خان کو 14دنوں میں تحریری معافی مانگنے کا کہا گیا ہے اور ایسا نہ کرنے کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لانے کا بھی عندیہ دیا گیا ہے۔