لاہور: روس کے یوکرین پر حملے کے بعد سے انٹرنیٹ پر جذباتی تصاویر اور ویڈیوز کا سیلاب امڈ آیا ہے تاہم اسی دوران سوشل میڈیا پر آپس میں بغل گیر ایک نوجوان اور لڑکی کی تصویر بھی خوب وائرل ہو رہی ہے جو اپنے اپنے ملک کے جھنڈے لپیٹے ہوئےہیں، تصویر کو جنگ زدہ علاقوں سے جوڑا جارہا ہے لیکن تصویر کی اصل حقیقت اب سامنے آگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک یوکرینی جھنڈے میں لپٹے نوجوان لڑکے اور روسی جھنڈا لپیٹے لڑکی کی تصویر وائرل ہو رہی ہے ، دونوں آپس میں بغل گیر ہیں اور محسوس یہی ہوتا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان جنگ کے برعکس محبت کا پیغام دینے کیلئے تصویر کو خصوصی طور پر بنوایا گیا ہے تاہم حقیقت میں تصویر تین برس پرانی ہے اور اس کا موجودہ جنگ کی صورتحال سے کوئی تعلق نہیں۔
سوشل میڈیا پر بہت سے لوگوں نے اس تصویر کو تازہ تصویر سمجھتے ہوئے حالیہ تناظر میں مختلف پیغامات کے ساتھ شیئر کیا اور جنگ کو امن اور محبت میں تبدیل ہونے کی امید کا اظہار کیا ۔
امریکی میڈیا کے مطابق وائرل ہونیوالی تصویر درحقیقت 2019 میں ہونیوالے ایک کنسرٹ کی ہے جب ایک روسی لڑکی جولیانا کزنیٹسووا اپنے یوکرینی منگیتر کے ہمراہ پولینڈ میں ایک کنسرٹ میں شریک تھیں جہاں دونوں نے زمین پر بکھرے ہوئے کئی جھنڈے دیکھے تو ان کو جسم پر اوڑھنے کا فیصلہ کیا اور اسی دوران یہ تصویر بھی بن گئی تاہم تصویر کا کسی قسم کا موجودہ جنگ سے تعلق یا سیاسی پس منظر نہیں ہے۔