یوکرین پر حملے کی روس کو بھاری قیمت چکانا پڑے گی، جو بائیڈن

09:55 AM, 27 Feb, 2022

نیوویب ڈیسک

واشنگٹن: امریکا کے صدر جوبائیڈن نے روس پر اقتصادی پابندیوں کو تیسری عالمی جنگ سے گریز کی کوشش قرار دیدیا۔

امریکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے جو بائیڈن نے کہا ہے کہ یوکرین پر فوجی حملے کی روس کو بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کے پاس صرف دو آپشنز ہیں اور ایک یہ کہ روس کیخلاف جنگ میں عملی طور پر شریک ہوکر تیسری عالمی جنگ کا آغاز کردیا جائے یا پھر عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرنیوالے اس ملک کو بھاری قیمت چکانے پر مجبور کیا جائے۔

گزشتہ روز امریکہ نے اعلان کیا تھا کہ وہ یوکرین کو 350 ملین ڈالر کا اضافی فوجی سازوسامان فراہم کر ے گا  تاکہ وہ روس کے بلا اشتعال حملے کا مقابلہ کر سکے۔امریکی وزیر خارجہ بلنکن نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ  اس پیکج میں یوکرین کو بکتر بند گاڑیاں، ہوائی جہاز اور دیگر خطرات سے نمٹنے میں مدد کرنے کے لیے دفاعی امداد شامل ہوگی۔

دوسری جانب روس نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یورپ کی جانب سے پابندیوں کے جواب میں وہ تخفیف اسلحہ معاہدوں سے علیحدہ ہوسکتے ہیں۔اپنے بیان میں ڈپٹی ہیڈ روسی سیکیورٹی کونسل نے کہا ہے کہ مغرب سے تعلقات مکمل ختم کرسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ یوکرین پر حملے کے بعد امریکا سمیت یورپی ممالک نے روس پر پابندیاں عائد کی ہیں۔

مزیدخبریں