سعودی عرب اور امریکا کے تعلقات کسی فرد واحد سے زیادہ قد آور ہیں، انتھونی بلنکن

 سعودی عرب اور امریکا کے تعلقات کسی فرد واحد سے زیادہ قد آور ہیں، انتھونی بلنکن
کیپشن: سعودی عرب اور امریکا کے تعلقات کسی فرد واحد سے زیادہ قد آور ہیں، انتھونی بلنکن
سورس: فائل فوٹو

واشنگٹن: سعودی عرب کے ولی عہد پر امریکی شہری جمال خاشقجی کے قتل کے احکامات جاری کرنے کے الزامات عائد کرنے کے حوالے سے امریکی رپورٹ کے بعد واشنگٹن نے کہا ہے کہ ریاض کے ساتھ تعلقات اہم ہیں۔

غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا نے کہا کہ واشنگٹن کے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات اہم ہیں اور یہ تعلقات دونوں ممالک کے مابین مشترکہ مفادات اور اقدار کی عکاسی کرتے ہیں۔ پریس کانفرنس کے دوران انتھونی بلنکن نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ تعلقات ایک اہم نوعیت پر مبنی ہیں اور ہمارے مختلف امور پر مفادات یکساں ہیں۔ امریکا کے ساتھ کاروبار جاری رکھنے کے لیے واشنگٹن کے مفادات کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ تعلقات 'کسی فرد واحد سے زیادہ قد آور ہیں‘۔

انتھونی نے یہ بھی تصدیق کی کہ امریکی صدر جو بائیڈن اور انہوں نے خود بھی اپنے سعودی ہم منصبوں سے بات کی ہے۔

دوسری جانب پینٹاگون کے پریس سیکریٹری جان کربی نے کہا کہ سعودی عرب خطے میں ایک اسٹریٹجک شراکت دار ہے۔ فوجی نقطہ نظر سے ہم سعودی عرب کے دفاع کے حوالے سے اپنے حفاظتی وعدوں کو سنجیدگی سے لیتے ہیں۔ ریاض کو اپنے دفاع کی ضرورت ہے خاص طور پر جنوبی سرحد کی طرف سے۔

امریکا کی جانب سے مذکورہ بیان ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب گزشتہ روز سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان پر امریکی شہری جمال خاشقجی کے قتل کے احکامات جاری کرنے کے الزامات عائد کرنے کے حوالے سے سعودی عرب نے امریکی رپورٹ کو سختی سے مسترد کر دیا تھا۔