لاہور: مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا پاکستان تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی نے ن لیگ اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے بھی ٹکٹ کا مطالبہ کیا ہے۔ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اگر کامیاب ہو جاتے ہیں تو حکومت کا باقی رہنا مشکل ہو گا۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ پنجاب میں سینیٹ الیکشن پر ایڈجسٹمنٹ کسی مذاکرات یا سیٹلمنٹ کا نیتجہ نہیں کیونکہ پنجاب میں کبھی منڈی اور بازار نہیں لگا۔ سب نے خاموشی سے کورنگ امیدواروں کے کاغذات واپس لیے۔ خیبرپختونخوا، بلوچستان میں منڈی لگتی ہے اور پنجاب میں کسی نے رسک لینا مناسب نہیں سمجھا ورنہ مقابلہ ہوتا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے لوگوں نے یوسف رضا گیلانی کو ووٹ دینے پرہم سے ٹکٹ کا براہ راست مطالبہ کیا۔ پی ٹی آئی کے لوگوں نے یوسف رضا گیلانی کو بھی کہا کہ اگر ٹکٹ کی یقین دہانی کرائیں گے تو بات کیلئے تیار ہیں۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ ہماری ترجیح فریش اور مڈٹرم الیکشن کیونکہ شفاف الیکشن ہو اور پھر سب کو مینڈیٹ تسلیم کرنا چاہیے ۔ پچھلے سال بجٹ اجلاس میں ان کے 22 لوگ ووٹ دینے کوتیارنہیں تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کا موقف واضح ہے حکومت عوامی مینڈیٹ سے نہیں آئی اور ہر صورت میں شفاف الیکشن ہونا چاہیے۔ یوسف رضا گیلانی اگر کامیاب ہوجاتے ہیں توحکومت کا باقی رہنا مشکل ہو گا۔ ہارس ٹریڈنگ تب ہو گی اگر ہم یوسف رضا گیلانی کے ووٹ خریدیں تاہم یہ ہو سکتا ہے حکومتی ممبران اپنا ووٹ کاسٹ نہ کریں یا ووٹ خراب کرینگے۔