لاہور: معروف ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ نے 2021 کے شروع میں متعارف کرائے گئے سستے ترین 5 جی فون گلیکسی اے 32 کا 4 جی ورژن بھی صارفین کیلئے پیش کر دیا ہے جسے گلیکسی اے 32 کا نام دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سام سنگ کے دونوں سمارٹ فونز میں نیٹ ورک سپورٹ سے ہٹ کر بھی بہت کچھ موجود ہے، نئے گلیکسی اے 32 میں میڈیا ٹیک ہیلیو جی 80 پراسیسر دیا گیا ہے جبکہ 5 جی ورژن میں ڈیمیسٹی 720 پراسیسر موجود ہے۔
4 جی ورژن والے فون میں 6.4 انچ سپر ایمولیڈ سکرین دی گئی ہے جو فل ایچ ڈی ریزولوشن کو سپورٹ کرتی ہے جبکہ سکرین میں نوچ ڈیزائن میں 20 میگا پکسل سیلفی کیمرا دیا گیا ہے اور فنگرپرنٹ سنر ڈسپلے کے اندر نصب ہے۔
سکرین کے تحفظ کیلئے گوریلا گلاس 5 شیٹ کا استعمال کیا گیا ہے جبکہ یہ فون 4 جی بی ریم اور 64 سے 128 جی بی سٹوریج سے لیس ہے، اسی طرح 5000 ایم اے ایچ بیٹری 15 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ دی گئی ہے جبکہ اینڈرائیڈ 11 آپریٹنگ سسٹم کا امتزاج ون یو آئی 3.1 سے کیا گیا ہے۔
فون کی پچھلی جانب 4 کیمروں کا سیٹ اپ موجود ہے جن میں مرکزی کیمرا 64 میگا پکسل کا ہے لیکن یہ خاصی حیران کن بات ہے کہ 5 جی ورژن میں صرف 48 میگا پکسل مرکزی کیمرا موجود ہے، اس کے علاوہ 8 میگا پکسل الٹرا وائیڈ، 5 میگا پکسل ڈیپتھ اور 5 میگا پکسل میکرو کیمرے بھی فون کا حصہ ہیں۔
یہ فون سب سے پہلے روس میں فروخت کیلئے پیش کیا گیا ہے جس کا 64 جی بی سٹوریج والا ماڈل 268 ڈالرز (42 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 128 جی بی والا فون 295 ڈالرز (46 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں دستیاب ہوگا البتہ دیگر مارکیٹس میں اس کی دستیابی کے حوالے سے تاحال کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔