آپریشن" سوئفٹ ریٹارٹ" کی کامیابی پر وزیراعظم کی مبارک باد

آپریشن

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان  نے آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کی کامیابی کے دو سال مکمل ہونے پر پوری قوم اور مسلح افواج کو مبارکباد  دی ہے اور  کہا ہے کہ  ذمہ دارانہ طرز عمل کے تحت گرفتار بھارتی پائلٹ کو واپس بھیجا ، ہم ہمیشہ امن کیلئے کھڑے ہیں۔

تفصیلا ت کے مطابق اپنی ٹویٹ میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بھارت کے ساتھ تمام معاملات بات چیت کے ذریعے حل کرنے اور آگے بڑھنے کیلئے تیار ہیں ، انہوں نے ایل او سی کے ساتھ جنگ بندی کی بحالی کا بھی خیرمقدم کیا ہے اور کہا کہ مزید پیشرفت کیلئے ایک قابل ماحول بنانے کی ذمہ داری بھارت پر ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر کشمیری عوام کے دیرینہ مطالبے کو پورا کرنا ہوگا ، حق خودارادیت کے حق کو پورا کرنے کیلئے بھارت کو ضروری اقدامات کرنے ہوں گے۔

یاد رہے کہ 27 فروری کو ایسی صبح طلوع ہوئی جو بھارت کے لیے دنیا بھر میں ذلت اور جگ ہنسائی کا سبب بن گئی ۔ 26 فروری کی رات کو پاکستانی سرحد پار کرنے والے بھارتی فضائیہ کو کیا پتہ تھا کہ اس قوم کے نڈر بیٹے اگلی ہی صبح ایسا سبق سکھائیں گے، جو ہمیشہ کے لیے مثال بن جائے گی ۔

پاک فضائیہ کے شاہینوں نے رات میں چوروں کی طرح کارروائی کرنے والے بھارت کو دن کے اجالے میں جواب دیا۔

27 فروری کو شاہینوں نے بھارت کو سرپرائز دیا اور سرحد پار کرنے والے دو بھارتی طیارے مار گرائے ، ایک طیارہ بھارت اور دوسرا پاکستانی سرزمین پر گرا ۔

اس طیارے کے پائلٹ ابھی نندن کو گرفتار کر لیا گیا ، پاکستان نے امن کی خاطر ، ساری دنیا کے سامنے چائے پلا کر بھارتی پائلٹ کو واپس لوٹا دیا۔