پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دے دی

12:07 AM, 27 Feb, 2021

کراچی: پی ایس ایل کے آٹھویں میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دے دی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سرفراز حمد اور اعظم خان کی عمدہ نصف سنچریوں کی بدولت پشاور زلمی کو جیت کیلئے 199 رنز کا ہدف دیا تھا۔

ہدف کے تعاقب میں پشاور کی جانب سے اننگ کا آغاز امام الحق اور کمران اکمل نے کیا لیکن صرف 13 کے مجموعی اسکور پر کامران اکمل آؤٹ ہوگئے جس کے بعد ون ڈاؤن آنے والے ٹام کیڈمور صرف 4 رنز بناکر چلتے بنے تاہم امام الحق نے مزاحمت جاری رکھی اور 41 رنز بنانے کے بعد بولڈ ہوگئے۔

امام الحق کے آؤٹ ہونے کے بعد حیدرعلی اور شعیب ملک نے ٹیم کو سنبھالا، حیدرعلی نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی تاہم ڈیل اسٹین کی گیند پر وہ کیچ دے بیٹھے جب کہ کچھ ہی دیر بعد شعیب ملک بھی ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

15 ویں اوورز میں 5 وکٹیں گرنے کے بعد پشاور زلمی کو میچ جیتنے کے لیے 30 گیندوں پر 54 رنز درکار تھے اور کوئٹہ کی جیت یقینی تھی تاہم وہاب ریاض اور رادرفورڈ نے چھٹی وکٹ کے لیے 48 رنز کی شراکت بنادی جس کی بدولت پشاور کی ٹیم نے 19.2 اوورز میں ہدف حاصل کر لیا۔


نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بیٹنگ کی دعوت دی تو کیمرون ڈیلپورٹ اور صائم ایوب نے اننگز کا آغاز کیا لیکن صرف 15 کے مجموعی سکور پر محمد عمران نے کیمرون ڈیلپورٹ کو امام الحق کے ہاتھوں کیچ کروا کر اپنی ٹیم کو پہلی کامیابی دلا دی، انہوں نے پانچ گیندوں پر صرف دو رنز ہی بنائے۔ 


کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو دوسرا نقصان 48 کے مجموعی سکور پر اوپننگ بلے باز صائم ایوب کی صورت میں اٹھانا پڑا جو 19 گیندوں پر چار چوکوں کی مدد سے 21 رنز بنا کر شرفین ردرفورڈ کے ہاتھوں رن آﺅٹ ہو گئے۔ دو وکٹیں گرنے کے بعد سرفراز احمد اور فاف ڈوپلیسی نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 40 رنز جوڑ کر مجموعی سکور 88 پر پہنچا دیا تاہم اس موقع پر فاف ڈوپلیسی وہاب ریاض کی گیند پر مجیب الرحمان کے ہاتھوں کیچ ہو گئے، انہوں نے 26 گیندوں پر ایک چھکے اور چار چوکوں کی مدد سے 37 رنز کی اننگز کھیلی۔ 


فاف ڈوپلیسی کے بعد اعظم خان میدان میں آئے جنہوں نے سرفراز احمد کے ساتھ مل کر جارحانہ مگر ذمہ داری کیساتھ بلے بازی کرتے ہوئے چوتھی وکٹ میں 105 رنز کی شراکت داری قائم کر کے مجموعی سکور 193 تک پہنچا دیا اور پشاور زلمی کو اچھا ہدف دینے میں کلیدی کردار ادا کیا تاہم اس موقع پر سرفراز احمد وہاب ریاض کی گیند پر شعیب ملک کے ہاتھوں کیچ ہو گئے، انہوں نے 40 گیندوں پر ایک چھکے اور 12 چوکوں کی مدد سے 81 رنز بنائے۔ 
اس موقع پر محسوس ہو رہا تھا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 200 سے زائد رنز کا ہدف دینے میں کامیاب ہو جائے گی تاہم ثاقب محمود نے انیسویں اوور میں مسلسل دو گیندوں پر اعظم خان اور پھر بین کٹنگ کو آﺅٹ کر کے رنز کے سیلاب کو روک دیا اور یوں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز تک محدود رہی۔ اعظم خان نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے 26 گیندوں پر دو چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 47 رنز بنائے جبکہ محمد نواز 2 رنز بنا سکے۔ 
پشاور زلمی کی جانب سے ثاقب محمود نے 4 اوورز میں 34 رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور وہاب ریاض خاصے مہنگے باﺅلر ثابت ہوئے جنہوں نے 4 اوورز میں 54 رنز دئیے اور دو کھلاڑیوں کو آﺅٹ جبکہ محمد عمران ایک وکٹ حاصل کر سکے۔ 
واضح رہے کہ میچ کیلئے پشاور زلمی کی قیادت وہاب ریاض کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں کامران اکمل، امام الحق، ٹام کیڈمور کوہلر، شعیب ملک، حیدر علی، شرفین ردرفورڈ، مجیب الرحمان، ثاقب محمود، محمد عمران اور محمد عرفان شامل ہیں۔ 
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت سرفراز احمد کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فاف ڈوپلیسی، کیمرون ڈیلپورٹ، محمد اعظم خان، ٹائم ایوب، بین کٹنگ، محمد نواز، زاہد محمود، ڈیل سٹین، محمد حسنین اور عثمان خان شنواری شامل ہیں۔ 

مزیدخبریں