گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد دھول چٹا دی

11:40 PM, 27 Feb, 2020

راولپنڈی: پی ایس ایل کے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی، جس کے بعد  وہ ٹورنامنٹ میں تیسری فتح سمیٹ کر 6 پوائنٹس کیساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر آ گئے۔

 راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے کولن انگرام اور شاداب خان کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز بنائے۔ کولن منرو نے عمدہ بلے بازی کا سلسلہ جاری رکھا تاہم 56 کے مجموعی سکور پر محمد حسنین کی گیند پر احمد شہزاد کے ہاتھوں کیچ ہو گئے، انہوں نے 20 گیندوں پر 3 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 31 رنز کی اننگز کھیلی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان اور کولن انگرام نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 76 رنز جوڑ کر مجموعی سکور 132 پر پہنچا دیا تاہم اس موقع پر شاداب خان بین کٹنگ کی گیند پر چھکا لگانے کی کوشش میں محمد نواز کے ہاتھوں کیچ ہو گئے، انہوں نے 25 گیندوں پر 2 چھکوں 3 چوکوں کی مدد سے 39 رنز بنائے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے نسیم شاہ سب سے کامیاب باﺅلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 23 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور ٹیمل ملز نے 4 اوورز میں 34 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد حسنین اور بین کٹنگ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اوپننگ جوڑی جیسن روئے اور شین واٹسن نے کھیل کا پراعتماد آغاز کیا۔ جیسن روئے نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے حریف باﺅلرز کو باﺅنڈریز لگانے کا سلسلہ جاری رکھا جس کے بعد شین واٹسن نے بھی 2 چوکے لگائے تاہم 41 کے مجموعی سکور پر وہ فہیم اشرف کو شاٹ لگانے کی کوشش میں کیچ ہو گئے۔ رواں سیزن میں تاحال فارم بحال ہونے کے منتظر احمد شہزاد نے کپتان شاداب خان کو دو خوبصورت چھکے لگائے تاہم لیگ سپنر نے بھی جلد ہی جوابی وار کرتے ہوئے انہیں سٹمپ آﺅٹ کر دیا، وہ 5 گیندوں پر 2 چھکوں کی مدد سے 12 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ان فارم بلے باز اعظم خان بھی متاثرکن اننگز کھیلنے میں کامیاب نہ ہو سکے اور 10 گیندوں پر صرف 10 رنز بنا کر احمد سفی عبداللہ کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔


جیسن روئے نے انتہائی عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے 38 گیندوں پر 2 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 50 رنز بنائے تاہم 102 کے مجموعی سکور پر وہ بھی احمد سفی عبداللہ کی گیند پر آصف علی کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ کپتان سرفراز احمد نے ذمہ دارانہ بلے بازی کرتے ہوئے ٹیم کی ڈوبتی کشتی کو سہارا دینے کی کوشش کی مگر 133 کے مجموعی سکور پر فہیم اشرف کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے، انہوں نے 20 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے 33 رنز کی اننگز کھیلی۔

بین کٹنگ اور محمد نواز نے چھٹی وکٹ میں اہم شراکت داری قائم کرتے ہوئے 57 رنز جوڑے اور اپنی ٹیم کو زبردست فتح دلانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ بین کٹنگ نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے 16 گیندوں پر 3 چھکوں اور 2 چو کوں کی مدد سے 36 رنز بنائے جبکہ محمد نواز نے 20 گیندوں پر 3 چوکوں کی مدد سے 25 رنز کی اننگز کھیلی۔


اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے احمد سفی عبداللہ سب سے کامیاب باﺅلر رہے جنہوں نے 3 اوورز میں 17 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور فہیم اشرف نے 4 اوورز میں 46 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاداب خان ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کرنے میں کامیاب ہوئے۔

واضح رہے کہ میچ کیلئے اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت شاداب خان نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں لیوک رونکی، کولن منرو، ڈیوڈ ملان، کولن انگرام، آصف علی، رومان رئیس، فہیم اشرف، عماد بٹ، احمد سفی عبداللہ اور محمد موسیٰ شامل تھے۔


کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت سرفراز احمد نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں جیسن روئے، شین واٹسن، احمد شہزاد، اعظم خان، محمد نواز، نسیم شاہ، ٹیمل ملز، محمد حسنین، سہیل خان اور بین کٹنگ شامل تھے۔

مزیدخبریں