کرونا وائرس سے بچاو کیلئے حکومتی اقدامات کیسے ہیں؟ ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتادیا

04:58 PM, 27 Feb, 2020

اسلام آباد: ڈی جی آئی پی آر میجرجنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ کرونا ایمرجنسی سے نمٹنے کیلئے پاک فوج ہر قسم کی معاونت کرنے کو تیارہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنی پہلی نیوز کانفرنس کے دوران متعدد سوالوں کے جواب دیئے۔

کانفرنس میں آخری سوال کرونا وائرس سے متعلق تھا۔ جس میں صحافی نے سوال کیا کہ ”کرونا وائرس پاکستان کی سرحدوں پر آن پہنچا ہے،پاک فوج ہمیشہ ایسی صورتحال میں مدد کیلئے پہنچتی بھی ہے۔ اس سلسلے میں ہماری سرحدیں کھلی ہیں اور دشمن چاہتا ہے کہ پاکستان کو خراب کیاجائے۔ تو اس حوالے سے کیاعلاج ہے کہ کرونا وائرس کسی ’اورطریقے‘ سے نہ آجائے“۔

صحافی کے سوال پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہاوزارت صحت اس معاملے کو بہت اچھے طریقے سے حل کررہی ہے، معاون خصوصی برائے صحت بھی اس حوالے سے بہت اچھا کام کررہی ہے، کل ظفر مرزا صاحب نے بھی سیر حاصل طریقے سے تمام اقدامات کا ذکر کیا۔

انہوں نے کہاوہ یہ کہہ سکتے ہیں کہ پاکستان کے اردگردکو دیکھیں تو وہاں صورتحال زیادہ پریشان کن ہے جبکہ پاکستان میں ابھی تک صرف دو کیسز سامنے آئے ہیں جو اقدامات کی بہتری کا پتہ دیتے ہیں۔ اگر حکومت نے معاونت کا کہاتو پاک فوج ہر قسم کی معاونت فراہم کرے گی، اس حوالے سے صورتحال کو مانیٹر کررہے ہیں اور تمام اجلاسوں میں پاک فوج کے ڈاکٹرز بھی شریک ہوتے ہیں۔

جہاں کہیں بھی پاک فوج کی ضرورت ہوگی پاک فوج اس ایمرجنسی سے نمٹنے میں بھرپور مدد فراہم کرے گی۔

مزیدخبریں