پتوکی : پاکستان مسلم لیگ ن کے جلسے میں خاتون کے ساتھ بدتمیزی اور دھکم پیل کرنے والوں کیخلاف مقدمہ درج، ملزم محسن گرفتار، دیگر کی تلاش جاری۔
متاثرہ خاتون نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنڈال میں موجود کارکنوں نے ان کے ساتھ بدتمیزی کی۔ اپنی جان بچانے کی کوشش میں ان کو زخم بھی آئے۔ وہاں موجود خواتین اور پارٹی ورکرز نے بڑی مشکل سے خاتون کو پنڈال سے نکالا۔
مسلم لیگ ن کے رہنما اکثر پاکستان تحریک انصاف کے جلسوں میں عورتوں کے ساتھ ہونے والی بدتمیزی پر تنقید کرتے تھے، لیکن آج ان ہی کے جلسے میں ایک خاتون کارکن کے ساتھ بدتمیزی کا واقعہ پیش آگیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او قصور سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ ذمہ داروں کے خلاف مقدمہ درج کرکے جلد از جلد گرفتار کیا جائے۔
پتوکی میں خاتون سے بدتمیزی کرنے والوں کیخلاف مقدمہ ایس ایچ او تھانہ صدر پتوکی کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
ترجمان پنجاب حکومت ملک احمد خان نے کہا کہ جلسے میں خواتین کے لیے بہتر انتظامات کیے گیے تھے، لیکن خاتون کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔ خاتون کے ساتھ بدتمیزی کرنے والے افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔