لاہور:سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ عدالت کے متنازعہ فیصلے میں نہیں مانتا ، آئندہ الیکشن میں عوام اپنا فیصلہ سنائیں گے ، لاکھ چاہنے کے باوجود تاریخ کو دفن نہیں کیا جا سکتا۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف نے لاہور میں ن لیگ کی مرکزی مجلس عاملہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ متنازعہ فیصلے میں نہیں مانتا ہوں ، آئندہ الیکشن میں عوام اپنا فیصلہ سنائیں گے۔
انھوں نے کہا کہ عوام کا حق حاکمیت کسی کو چھیننے نہیں دیں گے ، ن لیگ بڑی سیاسی جماعت ہے ، ہمیں سینٹ الیکشن سے باہر کر دیا گیا ، موجودہ صورتحال افسوسناک ہے ، غور کرنے کی ضرورت ہے ، بیٹے سے تنخواہ نہ لینے کی نااہلی کے فیصلے کے بعد کیا میں گھر بیٹھ جائوں؟
سابق وزیراعظم نے کہا کہ مجھ پر خرد برد ، کرپشن کا کوئی الزام نہیں ، عوام نے میرے خلاف فیصلہ قبول نہیں کیا ، آئندہ الیکشن میں عوام اپنا فیصلہ سنائیں گے ، ماضی میں بھی سیاستدانوں کو دیوار سے لگایا جاتا رہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ماضی میں غیرآئینی حکومتوں کو نظریہ ضرورت کے تحت تحفظ فراہم کیا جاتا رہا ہے ، مجھ پر خردبرد ، خزانے کو نقصان پہنچانے کا کوئی الزام نہیں ہے۔
نواز شریف نے کہا کہ عزت کو ملحوظ خاطر رکھ کر سیاست کی جائے گی ، ووٹ کے تقدس کی بحالی میرے ضمیر کی آواز ہے ، قانون کو نظرثانی کیلئے پارلیمنٹ بھیجنا چاہئے تھا۔