احد چیمہ نے فواد حسن کے بارے میں اہم معلومات نیب کو دیدیں، ذرائع

03:42 PM, 27 Feb, 2018

لاہور: آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم سکینڈل میں وزیر اعظم کے پرسنل سیکرٹری فواد حسن فواد کے گرد بھی گھیرا تنگ ہو گیا کیونکہ نیب نے اثاثوں کی تفصیلات مانگ لی ہیں۔ ذرائع کے مطابق احد چیمہ نے بھی فواد حسن کے بارے میں اہم معلومات نیب کو دے دی ہیں۔

گزشتہ روز نیب کی جانب سے جاری اعلامیے جاری کیا گیا تھا جس میں کہا گیا کہ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بیگم احد چیمہ کی ملزم سے ملاقات کی اجازت دی اور یہ ملاقات تقریباً ایک گھنٹہ سے زائد وقت تک جاری رہی جس میں کسی قسم کی مداخلت نہیں کی گئی۔

پنجاب کی سول بیوروکریسی کا احتجاج

سابق ڈائریکٹر جنرل لاہور ڈیولپمنٹ اتھارٹی احد چیمہ کو گرفتار کیا تو پنجاب کی سول بیوروکریسی نے احتجاج کیا اور قلم چھوڑ ہڑتال کی دھمکی دی تھی تاہم بعد میں بیوروکریسی دو حصوں میں تقسیم ہو گئی۔ ڈی ایم جی آفیسرز کے احتجاج میں صوبائی سروس کے آفیسرز شریک نہیں تھے۔

سرکاری افسران نے چیف سیکریٹری کی یقین دہانی پر 26 فروری بروز پیر کو فرائض سنبھال لیے ہیں جس کے بعد پنجاب سول سیکرٹریٹ لاہور میں دفتری معمولات بحال ہو گئے۔

واضح رہے کہ نیب نے 21 فروری کو کارروائی کرتے ہوئے لاہور ڈویلمپنٹ اتھارٹی کے سابق ڈائریکٹر جنرل احد چیمہ کو آشیانہ اقبال ہاؤسنگ سوسائٹی کی 32 کنال اراضی غیر قانونی طور پر الاٹ کرنے اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات پر گرفتار کیا تھا۔

نیب حکام کی جانب سے اگلے ہی روز احد چیمہ کو عدالت میں پیش کیا گیا جس پر عدالت نے انہیں 11 روزہ جسمانی ریمانڈ پر حوالے کر دیا تھا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں