لاہور: دنیائے کرکٹ میں اپنی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت شائقین کرکٹ کو اپنے سحر میں جکڑنے والے نیوزی لینڈ کے سابق جارحانہ وکٹ کیپر بلے باز برینڈن میک کولم جو کہ ان دنوں پی ایس ایل فرنچائز لاہور قلندرز کی قیادت کے فرائض انجام دے رہے ہیں نے پاکستان سپر لیگ میں شرمناک ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے اور وہ پی ایس ایل کے دونوں ایڈیشنز کی 11اننگز میں صرف 167رنز سکور کرسکے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے پہلے ایڈیشن میں آخری نمبر پر رہنے والی لاہور قلندرز نے پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن میں کپتانی کے فرائض میک کولم کو سونپے مگر وہ اپنی ٹیم کو ٹرافی تو دور کی بات کوئی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں بھی ناکام رہے ۔
لاہور قلندرز نے میک کولم پر ایک مرتبہ پھر بھرپور اعتماد کرتے ہوئے انہیں ٹیم کی قیادت سو نپی مگر وہ اس مرتبہ بھی ناکام رہے اور ان کی کپتانی میں لاہور قلندرز کو پہلے تینوں میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔اگر برینڈن میک کولم کی پی ایس ایل میں انفرادی کارکردگی پر بھی نظر دوڑائی جائے تو وہ کوئی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہے اور ایک شرمناک ریکارڈ اپنے کھاتے میں جمع کروا بیٹھے ۔
برینڈن میک کولم کاپی ایس ایل پی ایس ایل 2017 ءمیں کراچی کنگز کیخلاف 31 رنز ان کا سب سے بڑا انفرادی سکور تھا۔تیسرے ایڈیشن کی پہلی اننگز میں برینڈن میک کولم کو صفر کی شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔پی ایس ایل کی اپنی گیارہ اننگز میں چار بار صفر کی خفت سے دوچار ہونا پڑا۔
کراچی کنگز کیخلاف آخری اننگز میں 44 رنز ان کا پی ایس ایل میں سب سے زیادہ سکور ہے۔ اس طرح ان کا پی ایس ایل کے دونوں ایڈیشنز میں ٹوٹل سکور 11 اننگز میں صرف167 رنز ہے ۔خیال رہے کہ لاہور قلندرز کو گزشتہ شب کراچی کنگز کے ہاتھوں اس ٹورنامنٹ کی تیسری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔