ممبئی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سارو گنگولی نے اپنی کتاب میں انکشاف کیا ہے کہ وہ2004 میں بھیس بدل کر لاہور میں گھومتے رہے اور سابق صدر پرویز مشرف نے انہیں ایسا کرنے سے منع کیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سابق بھارتی کپتان سارو گنگولی جو کہ 2004 ءمیں دورہ پاکستان کے موقع پر سکیورٹی آفیسرز کو بتائے بغیر آدھی رات کو لاہور کی سیر کو نکل پڑے تھے کو سابق صدر پاکستان پرویز مشرف نے فون کرکے منع کیا کہ ایسے ایڈونچر نہ کریں تو بہتر ہوگا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ گنگولی نے اپنی سوانح حیات میں اس بات کا انکشاف کیا کہ وہ ہیٹ سے اپنا آدھا چہرہ چھپا کر سکیورٹی اہلکاروں کو چکمہ دے کر ہوٹل سے باہر نکلے اور بھیس بدل کر ہی لاہور میں گھومتے رہے۔
مال روڈ پر ایک موٹر سائیکل سوار نے ان کی کار کا پیچھا کیا جبکہ گوالمنڈی فوڈ سٹریٹ میں بھی ایک دکاندار نے انہیں پہچان لیا اور پیسے لینے سے انکار کر دیا۔گنگولی نے اپنی کتاب میں مزید لکھاکہ جب وہ ہوٹل واپس پہنچے تو اس وقت کے پاکستانی صدر پرویز مشرف نے انہیں فون کرکے کہا کہ ایسے ایڈونچر نہ کریں تو بہتر ہے اور ہدایت کی کہ آپ نے جب بھی باہر جانا ہوتو سکیورٹی والوں کو بتا کر جائیں۔
خیال رہے کہ سارو گنگولی اس وقت بھارتی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کوچ ہیں اور ان کی کوچنگ میں بھارتی ٹیم ورلڈ کپ جیتنے میں کامیاب رہی۔