کنوینر شپ کا معاملہ، فاروق ستار سے جواب طلب

11:02 AM, 27 Feb, 2018

اسلام آباد: چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا نے ایم کیو ایم پاکستان میں کنوینر شپ کے جھگڑے پر رابطہ کمیٹی گروپ کے کنوینر خالد مقبول صدیقی کی درخواست پر سماعت کی۔

اس موقع پر خالد مقبول صدیقی، رؤف صدیقی، عامر خان اور بیرسٹر فروغ نسیم پیش ہوئے جب کہ پی آئی بی گروپ کی جانب سے کامران ٹیسوری، شیخ صلاح الدین اور ایس اقبال قادری الیکشن کمیشن کے روبرو پیش ہوئے۔

رابطہ کمیٹی گروپ کے وکیل بیرسٹر فروغ نسیم نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ فاروق ستار نے نام نہاد انٹرا پارٹی انتخابات کرائے ہماری درخواست ہے کہ وہ اپنے جواب کی کاپی ہمیں آج ہی مہیا کر دیں۔

پی آئی بی گروپ کے وکیل بابر ستار نے کہا کہ فروغ نسیم آج ہی دلائل دینا شروع ہو گئے ہیں۔ ہمیں جواب جمع کرانے کے لئے وقت دیا جائے جس پر وکیل فروغ نسیم نے الیکشن کمیشن سے استدعا کی کہ 3 مارچ کو سینیٹ انتخابات ہیں اس لئے کیس جلد نمٹایا جائے۔ الیکشن کمیشن نے فاروق ستار سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت یکم مارچ تک ملتوی کر دی۔

یاد رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان شدید تنظیمی بحران کا شکار ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان کے سابق سربراہ فاروق ستار ایم کیو ایم بی آئی بی گروپ کی قیادت کر رہے ہیں جب کہ سابق رابطہ کمیٹی پر مشتمل بہادر آباد گروپ کی قیادت خالد مقبول صدیقی کر رہے ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں