لاہور: کہتے ہیں کہ اگر دن کا آغاز ہی سیرحاصل انداز میں نہ ہو تو دن بھر کام کی صلاحیت پر فرق پڑتا ہے۔ دن بھر اعصاب اور اعضا پر سستی چھائی رہتی ہے اور یہ عادت مجموعی صحت پر بھی اثر انداز ہوتی ہے۔
لیکن ایک انتہائی آسان اور چھوٹی سی عادت جس کے لئے صرف ڈیرھ منٹ درکار ہیں آپ کو دن بھر کیلئے درست سمت میں ڈال دیتی ہے۔ اس عادت کا تذکرہ بین الاقوامی مصنف چارلس ڈوہگ نے اپنی کتاب ”دی پاور آف ہیبٹ “ میں کیا ہے۔ جو کہ یہ ہے کہ ”صبح اپنا بستر خود ٹھیک کریں“ ۔
مصنف کے مطابق روزانہ صبح اپنے بستر کو جھاڑنا اور صاف کرنا کام کرنے کی صلاحیت کو بڑھانے سے براہ راست تعلق رکھتا ہے۔ اس سے آپ میں کام کو بہتر اور مکمل کرنے کی عادت پیدا ہوتی ہے۔ڈوہگ لکھتے ہیں کہ اپنا بستر صاف رکھنے والے لوگوں میں خوشی کی حس بھی زیادہ ہوتی ہے اور اپنے بجٹ تک محدود رکھنے کا مادہ بھی ان میں زیادہ پایا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ اپنی ملازمت کو زیادہ پسند کرتے ہیں، ان کے پاس اپنا گھر بھی ہوتا ہے، یہ روزانہ ورزش کرتے ہیں اور پرسکون رہتے ہیں۔ ایک ڈیڑھ منٹ کی یہ معمولی سی مشق آپ کو ناشتے سے بھی پہلے دن بھر کے لیے تیار کر سکتی ہے۔ اندازہ لگا لیں کہ معمولی عادتیں دماغ پر کیسے مثبت اثرات ڈالتی ہیں۔