کیلفورنیا: معذوری کے باعث چلنے پھرنے سے قاصرافراد کیلئے سائنسدانوں نے روبوٹک ٹیکنالوجی کی مدد حال ہی میں ایک روبوٹک سوٹ کا پروٹو ٹائپ متعارف کرایا ہے۔ یہ سوٹ پورے جسم پر پہنا جاتاہے۔ اس کی سپورٹنگ پاور پیروں، گھٹنوں، کولہوں اور کمر کے مہروں کو تقویت دیتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ اس سوٹ میں نصب سینسرز وزن بڑھنے یا کم ہونے کی صورت میں سوٹ کی سپورٹنگ پاور کو صورت حال کے مطابق تبدیل کرتے رہتے ہیں۔
ایس آر آئی وینچرز کے صدر منیش کوٹہاری کا کہناہے کہ اس روبوٹک سوٹ کو سوپر فلیکس کا نام دیا گیا ہے، اس روبوٹک سوٹ میں سنسر نصب ہیں جو فرد کے حرکت کرنے کے انداز کو مدنظررکھتے ہوئے بیٹریوں کی مدد سے قوت کا اخراج کرتے ہیں۔ تاہم اس کیلئے بیٹریوں کو مکمل طورپر چارج ہوناچاہئے۔
کمپنی کی جانب سے یہ نہیں بتایا گیا کہ بیٹریاں کتنی دیر میں چارج ہوتی ہیں اور کب تک قابل استعمال رہتی ہیں۔ تاہم ان بیٹریوں سے خارج ہونے والی قوت سے سوٹ میں نصب ہلکی موٹرز کی مدد سے فرد آسانی سے حرکت کر سکتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ کمپنی دیگر الیکٹرانیکل ڈھانچے بھی تیار کر رہی ہے۔ اس سوٹ کی قیمت 40ہزار ڈالرز ہے۔