گلگت بلتستان،فاٹا اور پاٹا میں مردم شماری میں تاخیر کا خدشہ

10:09 AM, 27 Feb, 2017

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: گلگت بلتستان،فاٹا اورپاٹا میں مردم شماری میں تاخیر ہونے کا خدشہ ہے تاہم فاٹا میں مردم شماری پرایگزیکٹو آرڈر جاری کرانے کیلئے وزارت قانون کی جانب سے سمری کی تیاری کا آغاز نہ ہوسکا۔وزارت قانون کے ذرائع کے مطابق گلگت بلتستان، فاٹا اورپاٹامیں مردم شماری15مارچ سے شروع ہونے کے امکانات معدوم ہوگئے ہیں، ملک بھر میں 15 مارچ سے مردم شماری شروع کرنے کے انتظامات کوحتمی شکل دی جارہی ہے تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان میں مردم شماری کے حوالے سے کوئی حکمت عملی تیارکی گئی ہے نہ وفاق کے زیرانتظام قبائلی علاقوں(فاٹا) اور صوبوں کے زیرانتظام قبائلی علاقوں (پاٹا) میں مردم شماری کے انعقاد کے لیے آئین وقانون میں وضع طریقہ کارکی روسے اقدامات کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ آئین کے آرٹیکل ایک کے تحت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان پاکستان کا حصہ نہیں، آزاد کشمیر میں وہاں کی حکومت مقامی انتظامیہ کی مدد سے مردم شماری کیلیے اقدامات کررہی ہے جبکہ گلگت بلتستان میں مردم شماری کیلیے وہاں کی اسمبلی قانون کی منظوری دے کر وفاقی حکومت کومردم شماری کیلیے درخواست بھجوائے گی جس پر وفاقی حکومت صدارتی حکم کے ذریعے مردم شماری کی منظوری دے گی۔

مزیدخبریں