فسادیوں کیخلاف آپریشن رد الفساد جاری، غیر ملکیوں سمیت 60 سے زائد افراد گرفتار

10:29 AM, 27 Feb, 2017

لاہور: کراچی کے مختلف علاقوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائیوں کے دوران 18 غیر ملکیوں سمیت 35 افراد کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا۔ لاہور میں لٹن روڈ کے متعدد علاقوں میں پولیس نے سرچ آپریشن کیا ہے۔ شناختی کوائف نہ مکمل ہونے پر پولیس نے 6 افراد کوحراست میں لے لیا۔ لاہور میں سکیورٹی اداروں کی فریکوئنسی چوری کرنےوالا ملزم گرفتار کر لیا گیا۔

ملزم کے قبضہ سے 12 وائرلیس سیٹ برآمد ہوئے۔ پشاور کے رہائشی نعمان کو تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ رحیم یار خان کے علاقے خان پور پولیس کی چک 70 میں کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے لیے سہولت کار کا کام سر انجام دینے والے کالعدم تنظیم کے 7 ملزمان گرفتار کر لیے گئے۔ ملزمان کے قبضہ سے 5 ریپیٹر، 6 پسٹل، 4 رائفل اور سینکڑوں گولیاں برآمد ہوئی ہیں۔

گرفتار دلشاد نامی شخص دہشت گردوں کو اسلحہ فراہم کرتا ہے۔ ادھر حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سرچ آپریشن میں 20 مشکوک افغان باشندوں کو حراست میں لے لیا گیا ۔

دوسری جانب چنیوٹ کے مختلف علاقوں سے پولیس نے کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر 16 ملزمان کو دھر لیا۔ سرچ آپریشن کے دوران 255 مشکوک افراد کی بائیو میٹرک تصدیق کی گئی جبکہ خانیوال کے علاقے کبیر والا میں پولیس اور حساس اداروں نے کارروائی کر کے مسافر بس سے 3 افغان باشندوں کو حراست میں لے لیا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں