کراچی :پاکستان کے دیگر صوبوں کی طرح کوئٹہ نے بھی موٹر سائیکل سواروں کے لیے انتہائی اہم پابندی عائد کر دی ہے ۔گزشتہ روز حکومت بلوچستان نے کوئٹہ میں موٹرسائیکل سواروں کیلئے ہیلمٹ کااستعمال لازمی قرار دے دیا ،پندرہ مارچ کے بعد بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل چلانے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی ۔
سرکاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعلیٰ ثناء اللہ زہری نے کوئٹہ شہر میں موٹر سائیکل سواروں کے تحفظ کے لیے ہیلمٹ کے استعمال کو لازمی قرار دینے کے لیے بھی سفارشات کی تیاری اور عوام میں ہیلمٹ کے استعمال اور ٹریفک قوانین کے بارے میں شعور اور آگاہی مہم کا آغاز کرنے اور 15مارچ تک موٹر سائیکل سواروں کے لیے ہیلمٹ کے استعمال کو لازمی قرار دینے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے صوبے کی قومی شاہراہوں اور اندرون شہر ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے خصوصی منصوبہ بندی واقدامات کرنے اور بین الصوبائی ٹریفک کی رفتار مقرر کرکے جدید مکینزم کے ذریعہ مسافر بسوں کو مقررہ رفتار کا پابند بنانے کی ہدایت کی ہے۔
ثناء اللہ زہری کی جانب سے آئی جی پولیس اور سیکریٹری ٹرانسپورٹ کو موٹر وے پولیس کے ساتھ ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے مشترکہ حکمت عملی واضع کرنے کی ہدایت بھی کی ہے,