گڑھی خدا بخش: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بینظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ امریکی پابندیاں اس بات کا اشارہ ہیں کہ کسی مسلمان ملک کے پاس ایٹمی طاقت نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان محض بہانہ ہیں، اصل نشانہ پاکستان کا ایٹمی اور میزائل پروگرام ہے۔
انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو کو شہید کرنے کا مقصد عوام کی آواز کو دبانا تھا، اور اس کے بعد سیاسی کٹھ پتلیوں کو مسلط کرکے ایٹمی اثاثوں پر سودے بازی کی کوشش کی گئی۔ بلاول نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی کی موجودگی میں پاکستان کے ایٹمی اور میزائل پروگرام پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت کو اجتماعی فیصلے کرنے کا مینڈیٹ ہے، یکطرفہ فیصلے ملکی مفاد کے خلاف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2008 میں پنجاب میں حکومت سازی کے باوجود ہم نے سیاسی مصالحت کی اور اتفاق رائے سے فیصلے کیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں بین الاقوامی سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لیے متحد ہونا ہوگا اور سیاست کو ایک طرف رکھ کر پاکستان کے مستقبل کے بارے میں سوچنا ہوگا۔ بلاول نے الزام لگایا کہ مخصوص لابی ایسی حکومت چاہتی ہے جو ہر چیز پر سودے بازی کرنے کے لیے تیار ہو۔
پی پی چیئرمین نے تحریک انصاف کے بانی سے مطالبہ کیا کہ وہ پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے خلاف آنے والے بیانات کی وضاحت کریں اور ان کی مذمت کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ پہلے اسرائیل کے حق میں آواز اٹھاتے ہیں اور اب بانی پی ٹی آئی کی حمایت کر رہے ہیں، جس سے ان کے عزائم واضح ہو جاتے ہیں۔