لاہور:صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بوندا باندی اور بارش کے نتیجے میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔
لاہور کے ایبٹ روڈ، شملہ پہاڑی، لکشمی چوک، ایمپریس روڈ، کوپر روڈ، ریلوے سٹیشن، مغل پورہ، ڈیفنس، پنجاب سوسائٹی، شنگھائی روڈ، کچا جیل روڈ، کوٹ لکھپت، غازی روڈ، شوکت ٹاؤن، والٹن اور مولانا شوکت علی روڈ سمیت دیگر علاقوں میں بارش ہوئی، جس کے باعث موسم خوشگوار اور سموگ کی شدت میں کمی آئی۔
بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے اور شہریوں کو خشک سردی سے راحت ملی۔ اس کے علاوہ، بارش کی وجہ سے نزلہ، کھانسی اور دیگر موسمی بیماریوں میں کمی آنے کی توقع ہے۔
تاہم، بارش کے دوران لیسکو کے 280 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے، جس سے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
پنجاب کے دیگر شہروں جیسے قصور، سیالکوٹ اور گوجرانوالہ میں بھی بارش سے سردی میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔