دختر مشرق بے نظیر بھٹو کی 17 ویں برسی، سیاسی رہنما اور کارکنان نوڈیرو پہنچ گئے

12:44 PM, 27 Dec, 2024

نیوویب ڈیسک

کراچی:عالم اسلام کی پہلی خاتون وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن بے نظیر بھٹو شہید کی 17 ویں برسی آج پورے ملک میں عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ بے نظیر بھٹو نے دو بار وزیراعظم بن کر پاکستان کی سیاست میں اہم مقام حاصل کیا اور جنرل ضیا الحق و جنرل مشرف کی آمریتوں کا مقابلہ کیا، جبکہ جمہوریت کی بحالی کے لیے اپنی سیاسی جدوجہد کو تیز کیا۔

2007 میں بے نظیر بھٹو نے جلاوطنی کے بعد پاکستان واپس آ کر سیاسی میدان میں دوبارہ قدم رکھا۔ ان کی واپسی کے دوران 18 اکتوبر 2007 کو کراچی میں استقبالی جلوس پر دہشت گردوں نے حملہ کیا جس میں سیکڑوں افراد شہید ہو گئے، لیکن بے نظیر بھٹو خوش قسمتی سے بچ گئیں۔ اس کے بعد 27 دسمبر 2007 کو بے نظیر بھٹو روالپنڈی کے لیاقت باغ میں ایک عوامی جلسے کے دوران قاتلانہ حملے کا شکار ہو گئیں اور شہید ہو گئیں۔ ان کی شہادت نے پورے ملک کو سوگوار کر دیا اور عالمی سطح پر بھی ان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا گیا۔

آج لاڑکانہ میں بی بی شہید کی 17 ویں برسی کے موقع پر پیپلز پارٹی کے کارکنوں اور رہنماؤں کی بڑی تعداد گڑھی خدا بخش پہنچ رہی ہے۔  صدر آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری، بختاور بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری نوڈیرو  میں ہیں ۔انہوں نے  بے نظیر بھٹو کے مزار پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی۔

بی بی شہید کی برسی کے حوالے سے جلسے اور دیگر تقریبات کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جہاں پارٹی کارکنان اور عوام اپنی محبوب قائد کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے جمع ہو رہے ہیں۔

مزیدخبریں