میلبرن: باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے دوسرے روز کے اختتام پر آسٹریلیا کے 318 رنز کے جواب میں پاکستانی ٹیم 6 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنا سکی۔
پاکستان کی جانب سے محمد رضوان 29 اور عامر جمال 2 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔ میلبرن ٹیسٹ کے دوسرے روز کے پہلے سیشن میں پاکستانی پیسرز چھائے رہے اور فاسٹ بولرز نے آسٹریلیا کے 7 کھلاڑیوں کو پویلین بھیج دیا، آسٹریلیا کی پوری ٹیم 318 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔
پاکستان کی جانب سے عامر جمال نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ شاہین شاہ آفریدی، میر حمزہ اور حسن علی کے حصے میں دو دو وکٹیں آئیں، ایک کھلاڑی کو سلمان علی آغا نے آؤٹ کیا.
پاکستان کی اننگز
میلبرن ٹیسٹ کے دوسرے روز قومی ٹیم کی طرف سے اننگز کا آغاز عبد اللہ شفیق اور امام الحق نے کیا لیکن امام الحق 10 رنز بنا کر ناتھن لیون کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے، عبد اللہ شفیق اور شان مسعود نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور 124 رنز پر پہنچایا تو عبد اللہ شفیق 62 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
بابر اعظم بھی صرف ایک رن پر پیٹ کمنز کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے، شان مسعود بھی 54 رنز پر ناتھن لیون کو چھکا لگانے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہو گئے جبکہ سعود شکیل نے 9 رنز کی اننگز کھیلی۔
سلمان علی آغا 5 رنز بنا کر پیٹ کمنز کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے۔ دوسرے روز کا کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنا لیے تھے، محمد رضوان 29 اور عامر جمال 2 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔
3 میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ میں پہلے روز کے کھیل کے اختتام پر آسٹریلیا نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز اسکور کیے تھے۔