ملک میں 10 ہزار میگاواٹ صلاحیت کے سولر منصوبوں پر کام شروع ہو چکا ہے: وزیراعظم

07:47 PM, 27 Dec, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اتحادی حکومت مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہے، وزرائے اعلیٰ اپنے اپنے صوبوں میں سولر پینل لگوائیں، پیسہ اور وقت بچائیں کیونکہ مہنگے تیل کو توانائی کیلئے خریدنے سے دل میں سوئیاں چبھتی ہیں، عوام کی امیدیں مسلم لیگ (ن) سے وابستہ ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے شمسی توانائی کے حوالے سے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترقی پذیر ممالک مہنگے داموں گیس خریدنے پر مجبور ہیں اور مہنگے درآمدی ایندھن کے باعث ملک کو معاشی مسائل کا سامنا ہے، کورونا میں تیل اور گیس کی قیمتیں کریش کرچکی تھیں جبکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سستا تیل اور گیس نہ خرید کر غفلت کا مظاہرہ کیا، گزشتہ حکومت کی غفلت نے ملک کو معاشی مسائل میں دھکیلا۔ 
ان کا کہنا تھا کہ روس یوکرین جنگ سے تیل کی عالمی قیمتوں میں اضافہ ہوا اور اس جنگ کے نتیجے میں عالمی سطح پر گیس کا بحران بھی پیدا ہوا، اس وقت امیر ممالک منہ مانگی قیمت پر گیس خرید رہے ہیں اور ترقی پذیر ممالک مہنگے داموں گیس خریدنے پرمجبور ہیں، مہنگے تیل کو توانائی کیلئے خریدنے سے دل میں سوئیاں چبھتی ہیں، وزرائے اعلی اپنے اپنے صوبوں میں سولر پینل لگوائیں، پیسہ اور وقت بچائیں۔ 
وزیراعظم نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے سابقہ دور میں ڈیم منصوبوں پر کام شروع ہوا اور نواز شریف دور میں ہزاروں میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل کی، نواز شریف کے دور میں سی پیک کے تحت بجلی کے منصوبے لگائے گئے اور اب 10ہزار میگا واٹ صلاحیت کے سولر منصوبوں پر بھی کام شروع ہو چکا ہے، توانائی کے حصول کیلئے مقامی کوئلے کو بھی بروئے کار لارہے ہیں، عوام کی امیدیں مسلم لیگ (ن) سے وابستہ ہیں۔ 
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اتحادی حکومت مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہے، پی ٹی آئی دور میں توانائی اصلاحات نہ ہونے سے گردشی قرضے ریکارڈ سطح پر پہنچے جبکہ لائن لاسز اور بجلی چوری گردشی قرضے میں اضافے کی بڑی وجوہات ہیں، گزشتہ حکومت نے احتساب کے نام پر سیاسی مخالفین کو نشانہ بنایا اور نیب کے ذریعے بدترین کارروائیاں کی گئیں، نیب نیازی گٹھ جوڑ نے ملک کو بے پناہ نقصان پہنچایا۔ 

مزیدخبریں