شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی پندرہویں برسی آج منائی جارہی ہے

04:40 PM, 27 Dec, 2022

نیوویب ڈیسک

کراچی: شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی پندرہویں برسی آج منائی جارہی ہے ، گڑھی خدابخش میں پیپلزپارٹی کی جانب سے پاور شو کیا جا رہا ہے ۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سمیت مرکزی قائدین جلسہ گاہ پہنچ گئے ہیں ۔

بی بی شہید کی برسی میں شرکت کیلئے ملک بھر سے جیالوں کی گڑھی خدابخش آمد کا سلسلہ جاری ہے ۔ اس موقع پر سابق صدر آصف علی زرداری بھی اجتماع سے خطاب کریں گے ۔

دخترِ مشرق اور عالم اسلام کی پہلی خاتون وزیر اعظم محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کو آج ہم سے بچھڑے 15 سال بیت گئے ۔ دو مرتبہ پاکستان کی وزیراعظم رہنے والی واحد خاتون بے نظیر بھٹو کو 27 دسمبر 2007 کو راولپنڈی میں قتل کردیا گیا تھا ۔ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کو بدترین آمریتوں کا سامنا رہا ، انہوں نے جلاوطنی کے دکھ بھی جھیلے ، لیکن جمہوری جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹیں ۔

بے نظیر بھٹو 21 جون 1953 کو کراچی میں پیدا ہوئیں ، کونوینٹ آف جیززایند میری کراچی گرامر اسکول سے ابتدائی تعلیم کے بعد ہارورڈ اور آکسفورڈ وہ درسگاہیں ہیں، جہاں سے انہوں نے پولیٹیکل سائنس اور بین الاقوامی قوانین میں اعلیٰ تعلیم حاصل کی ۔

پیپلزپارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو نے دونوں بیٹوں کے بجائے لاڈلی بیٹی کو اپنا سیاسی جانشین قرار دیا اور پھر وقت نے اس فیصلے کو درست ثابت بھی کیا۔

برسی کے موقع پر سابق صدر آصف زرداری اجتماع سے خطاب کریں گے جبکہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی لاڑکانہ پہنچ گئے۔

مزیدخبریں