عمران خان ایسا پاکستان چاہتے ہیں جیسا قائداعظم نے سوچا تھا: فواد چوہدری

02:16 PM, 27 Dec, 2021

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ قائداعظم کو علم تھا کہ ہندوؤں کی اکثریت اقلیتوں کا جینا دو بھر کر دے گی اور آج مودی کے بھارت میں اقلیتوں کےساتھ جوناروا سلوک کیا جارہا ہے وہ چھپا نہیں ہے، عمران خان آج ایسا پاکستان چاہتے ہیں جیسا قائداعظم نے سوچا تھا۔ 
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کا یوم پیدائش اسلام آباد میں بھرپور طریقے سے منایا گیا۔ قائداعظم اورعلامہ اقبال جدت پسندسوچ کی حامل شخصیات تھیں اور قائداعظم نے ہندوستان کی سیاست دیکھ کر پاکستان بنانے کا فیصلہ کیا تھا ۔ وہ جس طرح کا پاکستان چاہتے تھے، اپنی 3 تقاریر میں اس کا حوالہ دیا۔ وہ پاکستان کو کسی طور پر مذہبی ریاست کے طور پر نہیں دیکھتے تھے لیکن کچھ لوگ قائداعظم کے پاکستان کو اسلامی مملکت کے نام کو مذہبی مملکت کے نام سے استعمال کررہے ہیں اور اصل چیلنج یہ ہے کہ قائداعظم کے پاکستان کو ہمیں کیسے واپس لینا ہے۔ 
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ قائداعظم ہندوستان کی سیاست دیکھ رہے تھے اور وہ ہندوﺅں کی نیت کو جانتے تھے، قائداعظم کو علم تھا یہاں کے ہندوؤں کی اکثریت اقلیتوں کا جینا دوبھر کر دے گی اور آج مودی کے بھارت میں اقلیتوں کےساتھ جوناروا سلوک کیا جارہا ہے وہ ڈھکاچھپا نہیں، مسلمانوں کے ساتھ بھارت میں جو سلوک ہورہا تھا،اس سے بڑھ کر دیگر اقلیتوں سے ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظم نے اسی لئے ایک قوم تشکیل دی جسے الگ وطن دیا، اس کا نام پاکستان ہے جس کے قیام کا مقصد اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ دینا تھا، انہیں یکساں حقوق دینا تھا۔ سانحہ سیالکوٹ میں جو کچھ ہوا، وہ آئین پاکستان اور قانون کے منافی ہے اور سب اس کے خلاف کھڑے ہوئے اور پورے پاکستان نے اس واقعے کی مذمت کی۔ 

مزیدخبریں