میلبورن: انگلینڈ کرکٹ سکواڈ میں شامل 4 افراد عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں جن کے ٹیسٹ مثبت آنے کے باعث ایشز سیریز خطرے سے دوچار ہو گئی ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق انگلش سکواڈ کے چار افراد کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کا مطلب وائرس کا پھیلاؤ ہے اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ سکواڈ میں شامل مزید افراد بھی کورونا وائرس کا شکار ہوں گے جس کے باعث تمام افراد کے ٹیسٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے سکواڈ میں شامل سپورٹ سٹاف، کھلاڑیوں اور فیملیز نے کرسمس کا دن سینٹ کلڈا میں گزارا تھا۔ آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ایشز سیریز کا تیسرا ٹیسٹ میچ میلبورن کرکٹ گراﺅنڈ میں کھیلا جا رہا ہے جس کے دوسرے روز کا کھیل ختم ہونے کے بعد سکواڈ کے پی سی آر ٹیسٹ کئے جائیں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ابھی اس بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا کہ کتنے کھلاڑیوں کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے پر سیریز ختم کر دی جائے گی تاہم جن افراد کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں یا آئیں گے، انہیں 7 روز تک قرنطینہ میں رہنا ہو گا جس کے بعد ان کے دوبارہ ٹیسٹ کئے جائیں گے۔
دوسری جانب چیف ایگزیکٹو کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) نک ہوکلے کا کہنا ہے کہ ٹور ختم نہیں ہو رہا تاہم تمام متعلقہ افراد اور کھلاڑیوں کی صحت کی حفاظت ترجیح ہے اور انگلش کرکٹ سکواڈ میں شامل مزید افراد کے کورونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹس کے بعد ہی کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔
انگلش سکواڈ کے 4 افراد کورونا وائرس کا شکار، ایشز سیریز خطرے میں پڑ گئی
01:21 PM, 27 Dec, 2021