اومی کرون کی موجودگی میں بھی پاکستان کا دورہ کریں گے ، چیف آسٹریلوی کرکٹ بورڈ

10:14 AM, 27 Dec, 2021

سڈنی : آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نیک ہوکلے نے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے نئے ویرئینٹ اومی کرون ہونے کے باوجود ٹیم آسڑیلیا پاکستان کا ٹور کرے گی ۔

تفصیلات کے مطابق میڈیا رپورٹس کے مطابق آسڑیلوی کرکٹ بورڈ کے چیف  نک ہوکلے نے کہا کہ کورونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کی نئی قسم کی تشخیص اور اس حوالے سے تحفظات کے باوجود آسٹریلیا کی ٹیم آئندہ سال مارچ میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔انہوں نے کہا کہ  ہماری کرکٹ آسٹریلیا کی ٹیم حال ہی میں پاکستان گئی تھی اور ہم پاکستان کرکٹ بورڈ اور دیگر حکام کے ساتھ کام کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ صورتحال پیچیدہ ہے تاہم ہم دورہ کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور اگر پاکستان کا دورہ کرنا محفوظ ہے تو ہم پاکستان کا دورہ ضرور کریں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں گریگ چیپل نے سڈنی مارننگ ہیرالڈ میں لکھے گئے اپنے کالم میں امید ظاہر کی تھی کہ آسٹریلیا دو دہائیوں بعد آئندہ سال شیڈول دورہ پاکستان سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک بہترین اور مضبوط آسٹریلین ٹیم کی میزبانی کا مستحق ہے۔

انہوں نے انکشاف کیا تھا کہ آسٹریلین کرکٹرز ایسوسی ایشن کا تین رکنی وفد حال ہی میں 12 روزہ دورہ پاکستان سے واپس لوٹا ہے اور وہ مارچ میں سیریز کے لیے کیے گئے انتظامات اور پاکستان کرکٹ بورڈ کی تیاریوں سے کافی متاثر نظر آتے ہیں۔گریگ چیپل نے مزید لکھا تھا کہ دنیائے کرکٹ اور ٹیسٹ کرکٹ کو مضبوط پاکستان ٹیم کی ضرورت ہے اور ان کے برانڈ کی کرکٹ نے ہمیشہ باصلاحیت فاسٹ باؤلرز، مایہ ناز اسپنرز اور دلفریب بلے باز فراہم کیے ہیں۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا نے گزشتہ ماہ اعلان کیا تھا کہ 2022 میں آسٹریلین ٹیم ایک مکمل سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گی۔دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ٹیسٹ، 3 ایک روزہ اور ایک ٹی20 میچ پر مشتمل سیریز آئندہ سال مارچ اور اپریل میں کھیلی جائے گی ۔

مزیدخبریں