اسلام آباد : ملک میں بارشوں کا سسٹم بلوچستان کے راستے داخل ہوگیا ہے جس کی وجہ سےسردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات مغربی ہواؤں کا سسٹم ایران کی سمت سے بلوچستان میں داخل ہوا جس کے بعد کوئٹہ، مستونگ، ژوب، کوہلو، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، چمن اور بارکھان میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، خانوزئی اور قلات میں ہلکی برفباری کے بعد یخ بستہ ہوائیں بھی چلیں جبکہ سوات اور مالم جبہ میں برفباری کے بعد موسم شدید سرد ہو گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مطلع ابر آلود اورموسم سرد ہے اور بارش کا امکان بھی ظاہر کیا جارہا ہے ۔
پنجاب کے کچھ علاقوں چشتیاں، سرائے مغل، گگومنڈی، فقیر والی، بورے والا ، بہاولنگر، سانگلہ ہل، پاکپتن میں صبح کے وقت ہلکی بوندا باندی ہوئی ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں ہلکی بارش کا امکان ہے، دن بھر مطلع ابر آلود رہے گا اور کراچی میں 28 دسمبر سے سردی کی نئی لہر آنے کی توقع ہے، پانچ جنوری تک درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی نیچے جاسکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے آج اور کل ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی ہے، کشمیر، گلگت بلتستان، خیبر پختون خوا کے بالائی علاقوں میں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے ۔