یہ ٹیم چلانے والے ہیں ان سے ملک نہیں چلے گا،سابق صدر آصف زرداری

07:06 PM, 27 Dec, 2020

سابق صدر آصف زرداری کا کہنا ہے کہ ان سے ملک نہیں چلے گا یہ کرکٹ ٹیم چلانے والے ہیں ۔ ان کا وقت تھوڑا ہے یہ چل نہیں سکتے یہ خود اپنے وزن سے گر جائیں گے ۔ بینظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر اپنے خطاب میں آصف زرداری کا کہنا تھا کہ میں نے پہلے ہی کہا تھا کہ یا نیب چلا لو یا ملک چلا لو میں نے یہ اس لئے نہیں کہا تھا کہ مجھے نیب کی کوئی فکر ہے ۔ میں نے پہلے بھی چودہ سال جیل کاٹی ہے مجھے جیلوں کی کوئی فکر نہیں ہے ۔

آصف زرداری نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ پیپلزپارٹی کی حکومت میں کوئی سیاسی قیدی نہیں تھا ۔گڑھی خدابخش میں  سانحہ کارساز کے بہت سے شہید دفن ہیں ۔ بی بی شہید نے ساری زندگی کسی کی پرواہ نہیں کی انہوں نے اپنے بچوں کو اپنے گھر کی پرواہ نہیں کی عوام کی خدمت اور ملک کی خدمت میں اپنی جان دے دی ۔ 

انہوں نے کہا کہ آج مشرف پاکستان آنے کو تڑپ رہا ہے لیکن وہ آنہیں سکتا کیا کبھی کسی نے یہ سوچا تھا  ۔ آپ تو آتے جاتے ہیں آپ کی کوئی حیثیت نہیں ہے ۔پاکستان پر رحم کرو پاکستان کے غریبوں پر رحم کرو۔ اگر مانتے ہو کہ کام نہیں چل رہا تو پھر گھر کیوں نہیں جاتے ۔ الیکشن کرالو اور خود کو اس مسئلے سے  نکالو ۔

آج ہر غریب آدمی امید لگائے بیٹھا ہے کہ بھٹو کی پارٹی کی حکومت آئے گی اور ہم خوشحال ہوں گے ۔ ہماری حکومت پر بہت کڑا وقت آیا لیکن ہم نے معاملا ت کو سنبھالا اور پانچ سال مدت پوری کی ۔ آج بھی میری کوشش ہے کہ سارے پاکستان کی سیاسی پارٹیاں ایک پیج پرآجائیں ۔ 

ہم جیلیں بھرنے کے لئے تیار ہیں ہمیں جیلوں میں جانے کے لئے کوئی اعتراض نہیں ہے ۔ آصف زرداری نے کہا کہ یہ حکومت نہیں رہے گی حق کی حکومت آئے گی اور غریب خوشحال ہوں گے ۔ بی بی شہید ہمیں سبق دے گئی ہیں ڈیموکریسی از دی بیسٹ ریوینج یعنی جمہوریت ہی اصل انتقام ہے ۔ 

مزیدخبریں